یورپ میں تیزی سے مقبول ہوتی ’ٹوسٹر جیسی‘ گاڑیاں جو 14 سال کے بچے بھی چلا سکتے ہیں

    • مصنف, جان لورینسن
    • عہدہ, ٹیکنالوجی رپورٹر
  • وقت اشاعت
  • مطالعے کا وقت: 8 منٹ

سیلینا بیوز، جن کی عمر 16 سال ہے، اپنی سیتروئن آمی کو پارکنگ کی جگہ سے ریورس کر کے نکالتی ہیں اور سکول کے کھیل کے میدان کے قریب سے گزرتی ہوئی روانہ ہو جاتی ہیں۔ راستے میں اکثر لوگ مڑ کر اُن کی گاڑی کو دیکھتے ہیں۔

یہ عام گاڑیوں سے مختلف دکھائی دیتی ہے۔ کچھ لوگ اسے مستقبل کی جھلک قرار دیتے ہیں، جبکہ بعض کے نزدیک یہ ایک بڑے ٹوسٹر جیسی لگتی ہے۔ مگر سیلینا کے لیے یہ محض ایک منفرد گاڑی نہیں بلکہ آزادی کی علامت ہے۔

وہ کہتی ہیں کہ ’میں نے یہ گاڑی اس لیے لی کیونکہ سکول آنے جانے کے لیے مجھے اس کی واقعی ضرورت تھی۔ ہفتے کے آخر میں بھی میں اسی کے ذریعے دوستوں سے ملنے جاتی ہوں۔ دیہی علاقوں میں، جہاں میں رہتی ہوں، ایسی گاڑی تقریباً ناگزیر ہے۔‘

فرانس میں 14 سال کی عمر کے نوجوان روڈ سیفٹی کا سرٹیفکیٹ حاصل کرنے اور آٹھ گھنٹے کی تربیت مکمل کرنے کے بعد ایسی گاڑیاں چلا سکتے ہیں۔ اٹلی میں بھی تقریباً یہی قواعد لاگو ہیں، جبکہ جرمنی اور سپین میں کم از کم عمر 15 سال اور برطانیہ میں 16 سال ہے۔

اس کی وجہ یہ ہے کہ ان گاڑیوں کو روایتی کاروں کے بجائے موٹرائزڈ کواڈری سائیکل، یعنی چار پہیوں والی موپیڈ، کے طور پر درجہ بند کیا جاتا ہے۔

فرانس میں ان چھوٹی گاڑیوں کی رجسٹریشن 2019 میں تقریباً 13 ہزار تھی جو گذشتہ سال بڑھ کر 25 ہزار کے قریب پہنچ گئی، جبکہ پورے یورپ میں گذشتہ پانچ برسوں کے دوران ان کی فروخت 30 ہزار سے بڑھ کر 60 ہزار ہو گئی ہے۔

سنہ 2020 میں متعارف کرائی جانے والی سیتروئن آمی نے اس شعبے کو نئی پہچان دی ہے، خاص طور پر نوجوانوں میں، جو اب منی کاروں کی مجموعی فروخت کا تقریباً ایک چوتھائی حصہ بنتے ہیں۔

سیلینا کی انتہائی چھوٹی سیتروئن آمی میں سفر کرتے ہوئے ہم جلد ہی اس کی زیادہ سے زیادہ رفتار، یعنی 45 کلومیٹر فی گھنٹہ، تک پہنچ جاتے ہیں۔ یہی رفتار بعض اوقات دوسرے ڈرائیوروں کے لیے باعثِ جھنجھلاہٹ بن جاتی ہے۔

سیلینا مسکراتے ہوئے کہتی ہیں کہ ’جب میں نسبتاً تیز رفتار سڑکوں پر ہوتی ہوں اور ٹریفک زیادہ ہوتی ہے تو میرے پیچھے چلنے والے بعض ڈرائیور ہارن بجانے لگتے ہیں، لیکن میں اس سے زیادہ تیز نہیں جا سکتی۔‘

مقامی رہائشی ڈینیئل لاپریس، جو فرانسیسی کمپنی ایکسام کی تیار کردہ مائیکرو کار چلاتے ہیں، بتاتے ہیں کہ سڑک پر آہستہ رفتار کے باعث وہ اکثر پیچھے آنے والی گاڑیوں کو راستہ دینے کے لیے کنارے پر رک جاتے ہیں۔

دو سال قبل وہ اور ان کی اہلیہ پیرس سے اس دیہی گاؤں میں منتقل ہوئے تھے۔ کینیڈین نژاد لاپریس اپنے غیرملکی ڈرائیونگ لائسنس کو مقررہ وقت میں فرانسیسی لائسنس میں تبدیل نہ کر سکے، جس کے نتیجے میں وہ عام گاڑی چلانے کا حق کھو بیٹھے۔

ان کے بقول پیرس میں یہ کوئی بڑا مسئلہ نہیں تھا۔ وہاں، بہت سے دوسرے شہریوں کی طرح، انھیں ذاتی گاڑی کی ضرورت ہی نہیں پڑتی تھی اور روزمرہ سفر کے لیے عوامی نقل و حمل کافی تھی۔

تاہم دیہی علاقے میں منتقل ہونے کے بعد صورت حال مختلف تھی۔

وہ کہتے ہیں کہ ’ہم نے کچھ عرصہ ٹیکسیوں کے سہارے گزارا، لیکن یہ طریقہ کارآمد ثابت نہیں ہوا۔ پھر ہمیں معلوم ہوا کہ بعض چھوٹی گاڑیاں بغیر روایتی ڈرائیونگ لائسنس کے بھی چلائی جا سکتی ہیں، اور یوں ہمیں اپنے مسئلے کا حل مل گیا۔‘

لاپریس کے مطابق یہ گاڑیاں نسبتاً سستی ہیں، ان کے استعمال کے اخراجات کم ہیں اور کاغذی کارروائی بھی نہ ہونے کے برابر ہے۔

وہ کہتے ہیں کہ ’بس انشورنس کروائیے اور گاڑی چلانا شروع کر دیجیے۔‘

تاہم ڈینیئل لاپریس اپنی چھوٹی گاڑی میں خود کو زیادہ محفوظ محسوس نہیں کرتے۔

وہ کہتے ہیں کہ ’حقیقت یہ ہے کہ یہ گاڑیاں پہیوں پر چلتے ایک ٹین کے ڈبے سے زیادہ نہیں ہوتیں۔ آپ تو تیز رفتاری سے نہیں چل سکتے، لیکن دوسرے ڈرائیور ضرور تیز جا رہے ہوتے ہیں۔‘

اگرچہ ان گاڑیوں کو موٹر ویز پر چلانے کی اجازت نہیں، لیکن درمیانی رفتار والی سڑکوں پر بھی ان کی کم رفتار مشکلات پیدا کر سکتی ہے۔ عام کاروں کے مقابلے میں یہ خاصی سست ہوتی ہیں، جس کی وجہ سے دوسرے ڈرائیور اکثر انھیں پیچھے چھوڑنے کی کوشش کرتے ہیں۔

ڈینیئل لاپریس کہتے ہیں کہ ’قومی شاہراہوں پر جانا دراصل اپنی جان خطرے میں ڈالنے کے مترادف ہے۔ میں ایک بار گیا تھا اور اس کے بعد دوبارہ کبھی نہیں گیا۔ ایسی سڑکوں پر، جہاں رفتار کی حد 110 کلومیٹر فی گھنٹہ ہوتی ہے، ہر گاڑی آپ کو پیچھے چھوڑ رہی ہوتی ہے، حتیٰ کہ بڑے بڑے ٹرک بھی۔ وہ اتنی تیزی سے پیچھے سے آتے ہیں کہ صورتحال واقعی خوفناک محسوس ہوتی ہے۔‘

77 سالہ ڈینیئل لاپریس ان گاڑیوں کے روایتی صارفین میں شمار ہوتے ہیں۔ ماضی میں ایسی گاڑیوں کی بڑی مارکیٹ دیہی علاقوں میں رہنے والے بزرگ افراد پر مشتمل تھی۔ اس کے علاوہ ان لوگوں کی بھی خاصی تعداد تھی جن کا ڈرائیونگ لائسنس منسوخ ہو چکا تھا، اکثر شراب پی کر گاڑی چلانے کے جرائم کے باعث۔ تاہم 2020 میں برقی سیتروئن آمی کی آمد نے نہ صرف اس شعبے کی شکل بدل دی بلکہ خریداروں کی نوعیت بھی تبدیل کر دی۔

مارکیٹ تجزیہ کار میری لور نیوو کے مطابق، ’آمی کی لانچ اس صنعت میں ایک اہم موڑ ثابت ہوئی، جس کے بعد مزید برقی ماڈل مارکیٹ میں آنے لگے۔ آج صورتِ حال یہ ہے کہ 2026 میں فروخت ہونے والی نئی بغیر لائسنس گاڑیوں میں دو تہائی سے زیادہ، یعنی 67 فیصد سے زائد، برقی ہیں۔‘

ان کے بقول، ایک وقت تھا جب یہ گاڑیاں زیادہ تر بزرگ یا لائسنس سے محروم افراد کی ضرورت سمجھی جاتی تھیں، مگر اب نوجوان بھی تیزی سے ان کی جانب متوجہ ہو رہے ہیں اور یہ گاڑیاں شہری و دیہی دونوں علاقوں میں مقبولیت حاصل کر رہی ہیں۔

اس رجحان کو دو پہیوں والی موٹر گاڑیوں کے لیے یورپی یونین کے سخت ضوابط نے بھی تقویت دی ہے، کیونکہ ماضی میں یہی گاڑیاں یورپ بھر کے نوجوانوں کی پسندیدہ سواری ہوا کرتی تھیں۔

فرانسیسی ماہر میری لور نیوو کے مطابق نئے یورپی قواعد پر عمل درآمد مینوفیکچررز کے لیے خاصا مہنگا ثابت ہوا۔ وہ کہتی ہیں کہ ’2020 کے بعد موپیڈز اور چھوٹے سکوٹر تقریباً مارکیٹ سے غائب ہو گئے، اور ان کی جگہ بغیر لائسنس چلنے والی چھوٹی گاڑیوں نے لے لی۔‘

چھوٹی گاڑیوں کی فروخت 2024 تک مسلسل بڑھتی رہی، اگرچہ فرانس میں برقی ماڈلز کے لیے دی جانے والی حکومتی سبسڈی ختم ہونے کے بعد اس رفتار میں کچھ کمی آئی ہے۔ تاہم اس شعبے میں ایک دلچسپ پیش رفت یہ رہی کہ سٹیلانٹس کے برانڈ سیتروئن کی آمد سے دراصل ایکسام اور لیگیئر جیسے فرانسیسی مینوفیکچررز کو فائدہ پہنچا۔

ایکسام کے سیلز اور مارکیٹنگ ڈائریکٹر ٹوم فاژے کہتے ہیں کہ ’ہم اس مخصوص شعبے کے ماہر ہیں اور اپنی مصنوعات کو اچھی طرح جانتے ہیں، لیکن ہمارے پاس سٹیلانٹس جیسی بڑی بین الاقوامی کمپنی کی تشہیری صلاحیت نہیں تھی۔ سیتروئن نے لوگوں کو یہ باور کرانے میں مدد دی کہ فرانس میں 14 سال اور جرمنی میں 15 سال کی عمر سے ایسی گاڑیاں چلائی جا سکتی ہیں۔ اس سے پورے شعبے کو نمایاں ہونے کا موقع ملا اور ہماری مارکیٹ کو بھی فائدہ پہنچا۔‘

بڑھتی طلب کے پیشِ نظر ایکسام نے فرانس میں اپنی پیداواری صلاحیت بڑھانے کے لیے 30 ملین یورو کی سرمایہ کاری کی ہے۔ اگرچہ فرانسیسی مارکیٹ کی رفتار کچھ سست پڑی ہے، لیکن کمپنی کی فروخت دیگر یورپی ممالک میں مسلسل بڑھ رہی ہے۔

دوسری جانب کمپنیاں اب پہلے سے زیادہ جدید اور آرام دہ منی کاریں بنا رہی ہیں، جن میں سے بعض کی قیمت ایک عام چھوٹی کار کے برابر پہنچ چکی ہے۔ فرانسیسی کمپنی لیگیئر کے مارکیٹنگ ڈائریکٹر رومین ایلیگمز کے مطابق سب سے بڑی تبدیلی خود صارفین کے رویے میں آئی ہے۔

وہ کہتے ہیں، ’ہم ایسی نقل و حرکت کے دور سے آگے آ چکے ہیں جو لوگوں کی مجبوری تھی، اور اب ایسے مرحلے میں داخل ہو گئے ہیں جہاں لوگ اپنی پسند سے یہ گاڑیاں منتخب کر رہے ہیں۔ پہلے لوگ انھیں اس لیے چلاتے تھے کہ انھیں سفر کرنا ہوتا تھا، علاقے میں عوامی نقل و حمل دستیاب نہیں ہوتی تھی یا پھر ان کے پاس ڈرائیونگ لائسنس نہیں ہوتا تھا۔‘

ان کے مطابق آج صورت حال مختلف ہے۔ ’بہت سے نوجوان سکوٹر یا موپیڈ کے بجائے ان چھوٹی گاڑیوں کا انتخاب کر رہے ہیں کیونکہ یہ نسبتاً زیادہ محفوظ ہیں اور موسم کے اثرات سے بھی بہتر تحفظ فراہم کرتی ہیں۔ اب نوجوان ہمارے تقریباً 40 فیصد صارفین پر مشتمل ہیں۔‘

البتہ ان گاڑیوں کی کچھ حدود بھی ہیں۔ ان میں صرف دو افراد بیٹھ سکتے ہیں، ان کی زیادہ سے زیادہ رفتار 45 کلومیٹر فی گھنٹہ ہوتی ہے اور انھیں موٹر ویز پر نہیں چلایا جا سکتا۔

مگر 16 سالہ سیلینا کے لیے یہ پابندیاں زیادہ اہم نہیں۔ وہ اپنی سیتروئن آمی انشورنس کے علاوہ 60 یورو ماہانہ کرائے پر استعمال کرتی ہیں۔ ان کے نزدیک آزادی اور خودمختار سفر کی سہولت کے مقابلے میں یہ قیمت بہت کم ہے۔

'BBC News اردو' ایڈیشن کا انتخاب کریں اور نیوز الرٹس، تحقیقاتی اور تفصیلی رپورٹس، سب کچھ ایک ہی جگہ پر حاصل کریں۔

نوٹ: نئی ایپ برطانیہ اور امریکہ میں دستیاب نہیں ہے اور اس کا انگریزی زبان میں ایڈیشن موجود نہیں