برطانوی نوجوانوں میں کم ہوتا سیکس اور پورن ویڈیوز دیکھنے کا بڑھتا رجحان، نئی تحقیق کیا کہتی ہے؟

    • مصنف, مشعیل رابرٹس
    • عہدہ, ڈیجیٹل ہیلتھ ایڈیٹر، بی بی سی
  • وقت اشاعت
  • مطالعے کا وقت: 6 منٹ

برطانیہ میں گذۓشتہ کچھ عرصے سے ایک نیا رجحان سامنے آیا ہے جس کے مطابق لوگ، خاص طور پر نوعمر نوجوان اور کم عمر بالغ افراد گزشتہ نسلوں کے مقابلے میں کم جنسی تعلقات قائم کر رہے ہیں یا بالکل نہیں کر رہے۔

لیکن ایک تحقیق کے مطابق ان میں سے بہت سے افراد فحش مواد دیکھنے اور جنسی نوعیت کے پیغامات کے تبادلے میں مصروف ہیں۔

عوام کی جنسی زندگیوں سے متعلق دی نیشنل سروے آف سیکشوئل اٹیٹیوڈز اینڈ لائف سٹائلز (Natsal) کی تحقیق میں پہلی بار آن لائن رویوں کے بارے میں سوالات شامل کیے گئے ہیں۔

16 سے 24 سال کی عمر کے نصف افراد نے گذشتہ ایک سال کے دوران اپنے فون پر جنسی نوعیت کی تصاویر بھیجی ہیں یا وصول کی ہیں جبکہ ہر دو میں سے ایک نوجوان خاتون اور تقریباً ہر 10 میں سے 9 نوجوان مردوں کا کہنا ہے کہ انھوں نے فحش مواد دیکھا ہے۔

تاہم اس عمر کے گروپ کے ایک تہائی افراد نے بتایا کہ انھوں نے کبھی جنسی تعلق قائم نہیں کیا، جبکہ 12 سال قبل ہونے والی گزشتہ تحقیق میں یہ شرح پانچ میں سے ایک تھی۔

45 سال سے کم عمر افراد بھی پہلے کے مقابلے میں کم جنسی تعلقات قائم کر رہے ہیں اور اوسطاً ماہ میں دو بار جنسی تعلق رکھتے ہیں، جبکہ 1990 میں یہ اوسط ہفتے میں ایک بار تھی۔

کم جنسی تعلقات، زیادہ فحش مواد؟

اس تحقیق میں ایک تہائی سے زیادہ خواتین (37 فیصد) نے کہا کہ انھوں نے گذشتہ ایک برس کے دوران فحش مواد دیکھا جبکہ مردوں میں یہ شرح تقریباً پانچ میں سے چار (81 فیصد) تھی۔

16 سے 24 سال کے نوجوانوں میں نصف خواتین اور 86 فیصد مردوں نے بتایا کہ وہ فحش مواد دیکھتے ہیں۔

جن افراد نے کبھی جنسی تعلق قائم نہیں کیا تھا، ان میں فحش مواد دیکھنے اور مشت زنی کا رجحان نسبتاً کم پایا گیا۔ تحقیق کے مصنفین کے مطابق اس سے یہ عندیہ ملتا ہے کہ آن لائن یا انفرادی جنسی سرگرمیاں محض بالمشافہ جنسی تعلقات کا متبادل نہیں بن رہیں اگرچہ وہ اس بارے میں حتمی رائے دینے سے گریز کرتے ہیں۔

اس تحقیق میں مصنوعی ذہانت (AI) یا چیٹ بوٹس کے ساتھ رومانوی نوعیت کے ورچوئل تعلقات کے بارے میں سوالات شامل نہیں تھے۔

تاہم محققین کا کہنا ہے کہ آئندہ ایسی سرگرمیوں کا جائزہ لینا ضروری ہو سکتا ہے۔

نیٹسل کی تحقیقاتی ٹیم کی رکن اور یونیورسٹی کالج لندن سے وابستہ سوزیگ کلفٹن کا کہنا ہے کہ ’جب ہم نے 2022 سے 2024 کے درمیان یہ سروے کیا تو ایسے تصورات کسی حد تک سائنس فکشن جیسے محسوس ہوتے تھے۔‘

ان کے مطابق ’مستقبل میں ممکن ہے ہم یہ جائزہ لے رہے ہوں کہ مصنوعی ذہانت لوگوں کے جنسی رویوں اور ان کے باہمی تعلقات پر کس طرح اثر انداز ہو رہی ہے۔‘

رضامندی پر زیادہ کھل کر گفتگو

اس تحقیق میں شریک محقق اور لندن سکول آف ہائجین اینڈ ٹراپیکل میڈیسن سے وابستہ پروفیسر وینڈی میکڈوال کا کہنا ہے کہ اگرچہ کم ہوتے جنسی تعلقات کا ذمہ دار سکرین پر گزارے جانے والے وقت کو ٹھہرانا آسان لگ سکتا ہے، لیکن اس کے پیچھے غالباً بہت سے دوسرے عوامل بھی کارفرما ہیں خاص طور پر جب نو جوانوں کی بات کی جائے۔‘

مثال کے طور پر، نوجوان ماضی کی نسلوں کے مقابلے میں کم شراب نوشی کر رہے ہیں اور ان میں سے زیادہ تعداد اپنے والدین کے ساتھ گھر میں رہتی ہے۔

ان کے مطابق ذہنی صحت سے متعلق مسائل میں اضافے کی شرح بھی اس رجحان سے جڑی ہو سکتی ہے جبکہ کووڈ کی عالمی وبا نے بھی لوگوں کی سماجی سرگرمیوں کو محدود کر دیا تھا۔

پروفیسر میکڈوال کا کہنا ہے کہ رضامندی کے موضوع پر زیادہ کھل کر ہونے والی گفتگو بھی اس بات کا سبب بن سکتی ہے کہ نوجوان خود یہ فیصلہ کرنے میں زیادہ بااختیار محسوس کرتے ہوں کہ وہ جنسی تعلق قائم کرنا چاہتے ہیں یا نہیں، اور کب کرنا چاہتے ہیں۔

تاہم بعض افراد اپنی جنسی زندگی سے متعلق پریشانی کا بھی اظہار کرتے ہیں۔

ہر سات میں سے ایک خاتون نے بتایا کہ وہ اپنی ماضی کی جنسی زندگی میں ہونے والے بعض واقعات کے باعث اب بھی دوسروں کے ساتھ تنازعات یا ذہنی پریشانی کا سامنا کر رہی ہیں۔

مردوں میں بھی لگ بھگ اتنی ہی شرح کے افراد نے کہا کہ انھیں اپنی بعض جنسی خواہشات اور خیالات کے حوالے سے شرمندگی محسوس ہوتی ہے۔

سیکس کا انتظار

نیٹسل کا یہ چوتھا سروے مختلف رجحانات کی نشاندہی کرتا ہے، تاہم یہ ان کی مکمل وضاحت فراہم نہیں دیتا۔

2010 میں ہونے والی گزشتہ تحقیق سے معلوم ہوا تھا کہ نوجوانوں کو اپنی پہلی جنسی سرگرمی کے حوالے سے سب سے زیادہ افسوس اس بات کا تھا کہ انھوں نے بہت کم عمری یا بہت جلد جنسی تعلق قائم کیا۔

اب ایسا معلوم ہوتا ہے کہ زیادہ نوجوان جنسی تعلق قائم کرنے کے لیے پہلے کے مقابلے میں زیادہ انتظار کر رہے ہیں۔

تقریباً ہر پانچ میں سے دو نوجوان خواتین (38 فیصد) اور چار میں سے ایک سے زیادہ نوجوان مردوں (28 فیصد) نے بتایا کہ انھوں نے کبھی جنسی تعلق قائم نہیں کیا۔ یہ شرح 1990، 2000 اور 2010 کے سرویز میں تقریباً پانچ میں سے ایک تھی۔

اور وہ بالغ افراد جو جنسی تعلق قائم کرتے ہیں، ان میں سے بیشتر اب پہلے کے مقابلے میں کم بار ایسا کرتے ہیں۔ ماضی میں اوسطاً ہفتے میں ایک بار جنسی تعلق قائم کیا جاتا تھا، جبکہ اب یہ اوسط پندرہ روز میں ایک بار رہ گئی ہے۔

دی لانسیٹ میں شائع ہونے والے تازہ نتائج برطانیہ بھر سے منتخب کیے گئے 16 سے 59 سال عمر کے 6,700 افراد کے سروے پر مبنی ہیں جن کو دیکھ کر پتا چلتا ہے کہ ’بالغ افراد میں سے تین چوتھائی نے گذشتہ ایک سال کے دوران جنسی تعلق قائم کیا۔‘

سروے کے مطابق:

  • زندگی بھر میں جنسی ساتھیوں کی اوسط تعداد پانچ ہے۔
  • خواتین اوسطاً ماہ میں ایک بار جبکہ مرد ماہ میں دو بار جنسی تعلق قائم کرتے ہیں۔
  • مردوں اور خواتین دونوں میں ہم جنس شریکِ حیات یا شریکِ تعلق کے ساتھ جنسی تعلقات کی اطلاعات میں اضافہ ہوا ہے، تاہم اس اضافے کی درست مقدار واضح نہیں۔

غیر محفوظ جنسی تعلقات، مگر کم لوگ بچے چاہتے ہیں

اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ برطانیہ میں بہت سے افراد، خصوصاً نوجوان، ایسے جنسی تعلقات قائم کر رہے ہیں جن میں مانع حمل طریقوں کا استعمال نہیں کیا جاتا، جو حمل ٹھہرنے اور جنسی طور پر منتقل ہونے والی بیماریوں (STIs) کے خطرات میں اضافے کا سبب بن سکتے ہیں۔

تحقیق کے مطابق نوجوان خواتین میں مانع حمل گولی کے استعمال میں بھی کمی دیکھی گئی ہے۔

تاہم دوسری جانب، ان خواتین کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے جن کے بچے نہیں اور مستقبل میں بھی اولاد نہیں چاہتیں۔ 16 سے 44 برس عمر کی ایسی خواتین میں یہ شرح گزشتہ ایک دہائی کے دوران آٹھ فیصد سے بڑھ کر 17 فیصد ہو گئی ہے۔

لندن سکول آف ہائجین اینڈ ٹراپیکل میڈیسن سے وابستہ محقق ڈاکٹر لورا اوکلی کے مطابق اب یہ جاننا آئندہ تحقیق اور پالیسی سازی کے لیے اہم ہو گا کہ اس رجحان کے پیچھے کون سے عوامل کارفرما ہیں، خواہ وہ معاشی غیر یقینی صورتحال ہو، موسمیاتی تبدیلی سے متعلق خدشات ہوں یا زندگی کی ترجیحات میں آنے والی تبدیلیاں۔

ان کا کہنا ہے کہ اس رجحان کے صحت، نگہداشت اور خاندانی خدمات کی منصوبہ بندی پر اہم اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔