آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
پشاور میں پہلی بار پی ایس ایل میچز سے قبل ’عمران خان کرکٹ سٹیڈیم‘ کا نام تبدیل کیوں کیا گیا؟
پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 12ویں ایڈیشن کی افتتاحی تقریب اور پہلا میچ پشاور میں ہو گا اور اس شہر کو چھٹے میزبان کے طور پر شامل کر لیا گیا ہے۔
2016 میں شروع ہونے والی پاکستان سپر لیگ کی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہوگا جب لیگ کے میچز پشاور میں کھیلے جائیں گے۔
پی سی بی کے چیئرمین محسن نقوی نے پشاور میں گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے اس فیصلے کا اعلان کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ’پشاور کے شائقین ایک طویل عرصے سے اپنے شہر میں پی ایس ایل کے میچز دیکھنے کے منتظر تھے اور لیگ کو یہاں لانے کا مقصد پاکستان کرکٹ کے لیے اس شہر کی خدمات کا اعتراف کرنا ہے۔‘
دریں اثنا گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے پشاور میں کرکٹ سٹیڈیم کا نام تبدیل کرنے کا اعلان کیا ہے۔ پاکستان تحریک انصاف کے دور میں اس سٹیڈیم کا نام سابق وزیر اعظم عمران خان کے نام سے منسوب کیا گیا تھا جسے اب واپس ’ارباب نیاز کرکٹ سٹیڈیم‘ رکھا گیا ہے۔
ادھر پی سی بی کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق پشاور کو پی ایس ایل کے 12ویں ایڈیشن میں شامل کرنے سے لیگ اب ملک کے چھ شہروں میں کھیلی جائے گی۔ اس سے ٹورنامنٹ کا دائرہ وسیع ہوگا اور مزید شائقین کو اپنے شہروں میں اعلیٰ معیار کی ٹی 20 کرکٹ دیکھنے کا موقع ملے گا۔
پشاور کے شائقین کا 12 سالہ انتظار ختم
پی سی بی کے مطابق پشاور کے شائقین سنہ 2016 میں لیگ کے پہلے سیزن سے ہی اپنی ٹیم اور ٹورنامنٹ کو اپنے شہر میں دیکھنے کے منتظر رہے ہیں، تاہم پی ایس ایل کے پہلے 11 ایڈیشنز میں یہاں کوئی میچ منعقد نہیں ہوا۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا کہ ’پشاور نے طویل عرصے تک اس موقع کا انتظار کیا ہے اور یہاں کے شائقین نے صبر اور جذبے کا مظاہرہ کیا ہے۔‘
انھوں نے کہا کہ ’پی ایس ایل کو پشاور لانے کا مقصد اس شہر کی پاکستان کرکٹ کے لیے خدمات کو تسلیم کرنا اور یہاں کے لوگوں کو اپنے شہر میں کرکٹ کے اس بڑے مقابلے سے لطف اندوز ہونے کا موقع دینا ہے۔‘
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
محسن نقوی کے مطابق انھیں یقین ہے کہ پشاور کے عوام لیگ کا اسی جوش اور گرم جوشی سے خیرمقدم کریں گے جس کے لیے وہ مشہور ہیں۔
جنوری میں بھی پشاور میں ٹی 20 ٹورنامنٹ ہوگا
محسن نقوی نے بتایا کہ پی ایس ایل کے مارچ سنہ 2027 میں ہونے والے ایڈیشن سے پہلے جنوری کے وسط میں پشاور میں تین ٹیموں پر مشتمل ٹی 20 ٹورنامنٹ بھی منعقد کیا جائے گا۔
ان کے مطابق اس مقابلے میں انڈر 19، پاکستان شاہینز اور قومی ٹیم کے کھلاڑی حصہ لیں گے۔
انھوں نے کہا کہ پشاور زلمی کے مالک جاوید آفریدی اور گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کی بھی خواہش تھی کہ پی ایس ایل کے میچز پشاور میں ہوں۔
چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ ’خیبرپختونخوا نے پاکستان کو کئی اچھے کرکٹرز دیے ہیں اور یہاں موجود ٹیلنٹ کو ضائع نہیں ہونے دیا جائے گا۔‘ ان کے مطابق کرکٹ کے فروغ کے لیے مزید اقدامات کیے جا رہے ہیں اور قبائلی اضلاع میں بھی ایک الگ کرکٹ اکیڈمی قائم کی جا رہی ہے۔
واضح رہے کہ خیبرپختونخوا میں سکیورٹی کی صورتِ حال کے تناظر میں کچھ ہی عرصہ قبل پاکستان کرکٹ بورڈ نے پریزیڈنٹس ٹرافی کے جاری میچز بھی پشاور اور ایبٹ آباد سے منتقل کر دیے تھے۔
کرکٹ ویب سائٹ کرک انفو کے مطابق وفاقی حکومت کی جانب سے صوبے میں گورنر راج نافذ کیے جانے اور ہنگامی صورتِ حال کے اعلان کے بعد پشاور کے عمران خان سٹیڈیم اور ایبٹ آباد کرکٹ سٹیڈیم میں ہونے والے میچز لاہور اور شیخوپورہ منتقل کیے گئے تھے۔
پی ایس ایل کے چیف ایگزیکٹو سلمان نصیر نے کہا کہ یہ وہ لمحہ ہے جس کا لیگ اور بالخصوص پشاور کے شائقین 12 سال سے انتظار کر رہے تھے۔
پی سی بی کے اعلامیے میں ان کا کہنا تھا کہ ’پشاور کی کرکٹ سے محبت بے مثال ہے اور پی ایس ایل 12 یہاں کے شائقین کو اپنی اس محبت کا اظہار اپنے شہر میں کرنے کا موقع دے گی۔‘
انھوں نے کہا کہ پشاور کو چھٹے میزبان شہر کے طور پر شامل کرنا لیگ کی ترقی کی جانب ایک اہم قدم ہے۔
پی سی بی کے مطابق پی ایس ایل 12 کا مکمل شیڈول، جس میں پشاور میں ہونے والے میچز کی تفصیلات بھی شامل ہوں گی اور ٹکٹوں کی فروخت سے متعلق معلومات بعد میں جاری کی جائیں گی۔
ارباب نیاز سٹیڈیم کا نام بحال کرنے کا اعلان
گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے ایکس پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ ارباب نیاز سٹیڈیم کا تاریخی نام بحال کیا جا رہا ہے اور تحریکِ انصاف کے دور میں اسے عمران خان سٹیڈیم کا نام دینے کا فیصلہ واپس لیا جا رہا ہے۔
انھوں نے دعویٰ کیا کہ تحریکِ انصاف نے خیبرپختونخوا میں اپنے 13 سالہ دورِ حکومت میں کھیلوں کے بے پناہ ٹیلنٹ کے باوجود کرکٹ کا ایک نیا سٹیڈیم بھی تعمیر نہیں کیا، تاہم پہلے سے موجود سٹیڈیم کا نام تبدیل کرنے میں جلدی دکھائی۔
فیصل کریم کنڈی کے مطابق یہ اقدام پشاور کی تاریخ اور ورثے کو محفوظ رکھنے اور ان لوگوں کی خدمات کا اعتراف کرنے کے لیے ہے جنھوں نے اپنے کام اور کامیابیوں کے ذریعے صوبے میں کھیلوں کے فروغ میں حقیقی کردار ادا کیا۔
ارباب نیاز سٹیڈیم کے نام کی بحالی کے فیصلے کو ان کے بیٹے شہزاد ارباب نے بھی سراہا ہے۔
ایکس پر اپنے بیان میں شہزاد ارباب نے کہا کہ وہ سٹیڈیم کا نام ارباب نیاز کے نام پر بحال کرنے کے فیصلے کو سراہتے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’یہ فیصلہ ایسے وزیرِاعلیٰ نے کیا تھا جن کے پاس دکھانے کے لیے کچھ اور نہیں تھا اور انھوں نے سٹیڈیم کا نام تبدیل کیا، حالانکہ اس فیصلے کی ان کے اپنے رہنما عمران خان نے بھی حمایت نہیں کی تھی۔‘
تاہم پی ٹی آئی نے سوشل میڈیا پر اس فیصلے کی سخت مخالفت کی ہے۔ اس کے ایک سوشل میڈیا ہینڈل نے تبصرہ کیا کہ ’کیا اس سے دہشت گردی کم ہو جائی گی؟ نام بدلنے سے کیا عمران خان مٹ جائے گا؟ کسی کو یاد نہیں رہے گا؟ ہر گز نہیں۔‘
پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ یہ سٹیڈیم ’تحریک انصاف کے دور میں سرے سے ہی دوبارہ تعمیر کیا گیا ہے۔۔۔ پشاور میں بے نظیر ویمن یونیورسٹی قائم ہے، نام نہیں تبدیل کیا اور نا ایسا سوچا ہے۔‘
پشاور کرکٹ سٹیڈیم کا نام تبدیل کرنے پر بحث
پشاور میں پی ایس ایل کے میچز کی واپسی اور ارباب نیاز سٹیڈیم کا نام بحال کرنے کے اعلان کے بعد سوشل میڈیا پر بھی مختلف ردعمل سامنے آئے ہیں۔
ایکس پر ایک صارف صدیق آفریدی نے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی فیصلے سے پہلے سوچ سمجھ کر قدم اٹھانا چاہیے۔
انھوں نے کہا کہ ’خیبرپختونخوا میں بعض سرکاری عمارتوں اور مقامات کے نام ذوالفقار علی بھٹو اور بینظیر بھٹو کے نام پر بھی ہیں، اس لیے فیصلے ایسے ہونے چاہییں کہ مستقبل میں ان ناموں کو تبدیل کرنے کی نوبت نہ آئے۔‘
ایک صارف عائشہ رحمان نے سٹیڈیم کا نام تبدیل کرنے کے فیصلے پر طنزیہ تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ’اب سنہ 1992 کے ورلڈ کپ کا نام بھی تبدیل کرنے کی ہمت دکھائی جائے۔‘
ایم ڈی عمیر خان نامی ایک ایکس صارف نے بھی اس فیصلے پر تنقید کی اور سوال اٹھایا کہ ’کیا اسی مقصد کے لیے گورنر راج نافذ کیا گیا تھا؟‘ انھوں نے سٹیڈیم کے نام اور سائن بورڈز کی تبدیلی کو حکومتی ترجیحات قرار دیا۔
ایک اور ایکس صارف علی احمد اعوان نے ارباب نیاز کے نام کی بحالی کے فیصلے پر طنزیہ انداز میں کہا کہ ’ارباب نیاز پاکستان کے بہترین کرکٹرز میں سے ایک تھے، جبکہ عمران خان ایک سیاست دان ہیں۔‘
تیمور خان نامی صارف نے ایکس پر کہا کہ ’محسن نقوی نے پی ایس ایل کا افتتاحی میچ پشاور میں کرانے کا اعلان تو کیا، لیکن وفاق کی جانب سے صوبے کے فنڈز میں کٹوتی، گورنر راج کی مدت اور سسٹم ری سیٹ جیسے اہم سوالات کا کوئی جواب نہیں دیا۔‘
محمد الیاس نامی ایک ایکس صارف نے کہا کہ ’پشاور میں پی ایس ایل کے انعقاد کا اعلان خوش آئند ہے مگر پوچھنا تھا کہ صوبے میں دہشت گردی کب ختم ہوگی؟یہ پی ایس ایل تو گورنر راج سے پہلے بھی ہو سکتا تھا مگر شاید نیت کی بات تھی۔‘
کرکٹ سے متعلق امور پر تبصرہ کرنے والے صحافی ساجد صادق نے بھی پشاور میں پی ایس ایل میچز کے انعقاد کا خیرمقدم کیا، تاہم انھوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ سٹیڈیم کا نام عمران خان سٹیڈیم سے تبدیل کیا جا سکتا ہے یا ممکن ہے اس کا نام ہی نہ لیا جائے۔
شیرزازی احمد شیرازی نے ایکس پر اپنے بیان میں کہا کہ ’پشاور اب واقعی روشنیوں کا شہر بننے جا رہا ہے، تاریک رات ختم ہو کر روشن صبح میں بدل گئی ہے۔
انھوں نے پی ایس ایل کے افتتاحی میچ پشاور میں کرانے کے محسن نقوی کے اعلان کا خیرمقدم کیا۔
'BBC News اردو' ایڈیشن کا انتخاب کریں اور نیوز الرٹس، تحقیقاتی اور تفصیلی رپورٹس، سب کچھ ایک ہی جگہ پر حاصل کریں۔
نوٹ: نئی ایپ برطانیہ اور امریکہ میں دستیاب نہیں ہے اور اس کا انگریزی زبان میں ایڈیشن موجود نہیں