Saturday, 10 May, 2008, 10:28 GMT 15:28 PST
شمالی سری لنکا میں بلدیاتی انتخابات کے شروع ہونے سے چند گھنٹے پہلے تامل باغیوں نے بحریہ کا ایک جہاز کو نشانہ بناکر اسے ڈبو دیا ہے۔
بحریہ نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ 65 میٹر لمبے جہاز کو سمندر کے نیچے سے دھماکے کا نشانہ بنایا گیا۔تاہم کسی جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔
سری لنکا میں بحریہ کے ترجمان ڈی پی کے دسانائکے کا کہنا ہے کہ جہاز پانی کے اندر ہوئے دھماکے کی وجہ سے ڈوبا ہے۔
انکا مزید کہنا تھا کہ ’ہمیں شک ہے کہ دھماکہ غوطہ خور خودکش باغی نے انجام دیا ہے۔ ‘
مسٹر دسانائکے نے جہاز میں لدے سامان کی کوئی تفصیلات نہیں دی ہیں۔
خبر رساں ایجنسی اے ایف پی نے ایک باغی کے بیان کو شائع کیا ہے جس کے مطابق پانی کے اندر ایک باغی کمانڈو نے جہاز پر علی الصبح حملہ کیا ہے۔
تامل باغیوں کا دعویٰ ہے کہ جہاز میں شمالی سری لنکا میں تعینات فوجیوں کے لیے اسلحہ لے جایا جارہا تھا۔
شمالی سری لنکا میں تقریبا 20 برس بعد بلدیاتی انتخابات ہورہے ہیں۔
سنیچر کو روز ترنکومالی، امپارا، بٹی کلوا علاقوں میں ہونے والی پولنگ کے لیے سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے ہیں اور ہزاروں کی تعداد میں سیکورٹی اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے۔
گزشتہ جولائی فوج نے اعلان کیا تھا کہ اس نے شمالی سری لنکا سے تامل باغیوں کو بھگادیا ہے۔ باغی یہاں 13 برس سے سرگرم تھے۔
جمعہ کے روز امپارا کے ایک کیفے میں ہوئے دھماکے میں 11 افراد ہلاک ہوئے تھے۔مانا جارہا ہے کہ دھماکہ تامل باغیوں نے ہی کیا تھا لیکن باغیوں نے اس کی ذمہ داری نہیں لی ہے۔
شری لنکا میں اس سال جنوری میں جنگ بندی ختم ہونے کے بعد فوج اور تامل باغیوں کے درمیان جنگ میں مزید شدت آگئی ہے۔