Friday, 24 February, 2006, 14:44 GMT 19:44 PST
پولیس کے مطابق بنگلہ دیش میں ایک ٹیکسٹائل فیکٹری میں آتشزدگی کے واقعے میں کم سے کم اکیاون افراد ہلاک اور ایک سو سے زائد زخمی ہوگئے ہیں۔
یہ واقعہ جنوب مشرقی شہر چِٹاگانگ میں پیش آیا۔ آگ بجھانے میں فائر بریگیڈ کی مدد کے لیے فوج کی ہنگامی مدد طلب کرنی پڑی۔
اس تین منزلہ عمارت میں اس حادثے کے وقت کم سے کم پانچ سو مزدور فیکٹری کے اندر تھے۔ حکام کا کہنا ہے کہ وہ آتشزدگی کے واقعے کی وجہ معلوم کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔
دارالحکومت ڈھاکہ میں بی بی سی کے نامہ نگار ولی الرحمان کا کہنا ہے کہ حکام نے فیکٹری میں آگ لگنے کے اس واقعے کو ملک کا سب سے بدترین حادثہ قرار دیا ہے۔
فائر ڈپارٹمنٹ کے ایک اہلکار نے بی بی سی کو بتایا کہ اس حادثے میں بچنے والے بیشتر افراد نے کھڑکیوں سے کود کر اپنی جانیں بچائیں۔ ہلاک ہونے والوں میں زیادہ تر خواتین شامل تھیں۔
کے ٹی ایس ٹیکسٹائل مِلز کی جانب سے، جس میں یہ واقعہ جمعرات کی شب پیش آیا، کوئی بیان نہیں دستیاب ہوا ہے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق یہ حادثہ شارٹ سرکِٹ کی وجہ سے ہوسکتا ہے۔
بنگلہ دیش کی برآمدات کا پچاسی فیصد حصہ ٹیکسٹائل پر مبنی ہے جس سے ملک کو ہر سال چھ بلین ڈالر حاصل ہوتا ہے۔ گزشتہ سال اپریل میں اسی طرح کے ایک حادثے میں ساٹھ سے زائد افراد ہلاک ہوگئے تھے۔