آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے

مجھے مرکزی ویب سائٹ یا ورژن پر لے جائیں

کم ڈیٹا استعمال کرنے والے ورژن کے بارے میں مزید جانیں

متحدہ عرب امارات: فجیرہ میں ٹریفک حادثے میں 14 افراد ہلاک، زخمی ہونے والوں میں پاکستانی بھی شامل

اماراتی وزارت داخلہ کے مطابق اس حادثے کی زد میں پانچ ٹرکوں سمیت 23 گاڑیاں آئیں اور یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب رات 12 بجے سے قبل ’ٹریفک سست رفتار‘ سے آگے بڑھ رہا تھا۔ دوسری جانب پولیس کا کہنا ہے کہ اس واقعے کے بعد 30 افراد کو ہسپتال منتقل کیا گیا ہے، جبکہ ہلاک ہونے والے افراد کی شناخت معلوم کرنے کے لیے ڈی این اے ٹیسٹ کیے جا رہے ہیں۔

خلاصہ

لائیو کوریج

  1. یہ صفحہ اب مزید اپ ڈیٹ نہیں کیا جا رہا

    بی بی سی اردو کی لائیو کوریج کا سلسلہ جاری ہے تاہم اس صفحے کو اب مزید اپ ڈیٹ نہیں کیا جا رہا۔

    جمعے کے روز کی خبروں کو پڑھنے کے لیے اس لنک پر کلک کریں۔

  2. متحدہ عرب امارات: فجیرہ میں ٹریفک حادثے میں 14 افراد ہلاک, حفصہ خلیل

    متحدہ عرب امارات کی وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ فجیرہ میں ایک ٹرک کے کئی گاڑیوں کے ساتھ تصادم کے نتیجے میں 14 افراد ہلاک اور متعدد لوگ زخمی ہوئے ہیں۔

    وزارت داخلہ کے مطابق ایک ٹرک ڈرائیور اپنے ٹرک پر سے کنٹرول کھو بیٹھا تھا۔

    وزارت کی جانب سے جاری بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ اس حادثے کی زد میں پانچ ٹرکوں سمیت 23 گاڑیاں آئیں اور یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب رات 12 بجے سے قبل ’ٹریفک سست رفتار‘ سے آگے بڑھ رہا تھا۔

    بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ تصادم کے بعد ’ٹرک میں آگ لگ گئی جو کہ دیگر گاڑیوں تک بھی پھیلی، جس کے نتیجے میں بھاری جانی نقصان ہوا۔‘

    فجیرہ پولیس کے مطابق اس واقعے کے بعد 30 افراد کو ہسپتال منتقل کیا گیا ہے، جبکہ ہلاک ہونے والے افراد کی شناخت معلوم کرنے کے لیے ڈی این اے ٹیسٹ کیے جا رہے ہیں۔

    پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والے کچھ افراد اماراتی شہری ہیں۔

    دوسری جانب متحدہ عرب امارات میں انڈین قونصل خانے کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والوں میں اس کے شہری بھی شامل ہیں اور اس نے ’غمزدہ خاندانوں‘ سے رابطہ کیا ہے اور وہ مقامی حکام کے ساتھ مل کر انھیں مدد فراہم کر رہا ہے۔

    حکام کا کہنا ہے کہ قابو سے باہر ہونے والا ٹرک اُلٹنے سے قبل پہلے ایک گاڑی سے ٹکرایا اورپھر ان گاڑیوں سے بھی جو ’ٹریفک کی سست رفتار‘ کے سبب سڑک پر رُکی ہوئی تھیں۔

    حادثے کے بعد پولیس، طبی اور شہری دفاع کی ٹیمیں موقع پر پہنچیں، آگ بجھائی، زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا اور سڑک کو محفوظ بنایا۔ اب بھی وہاں ماہرین کی ٹیمیں موجود ہیں۔

    پولیس اور وزارت داخلہ دونوں نے ہی ہلاک ہونے والے خاندانوں سے تعزیت کا اظہار کیا ہے اور زخمی ہونے والوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی ہے۔

    زخمی ہونے والوں میں سے آدھی تعداد کو طبی مدد دینے کے بعد گھر بھیج دیا گیا ہے، جبکہ باقی افراد تاحال زیر علاج ہیں۔

    حکام کے مطابق زخمی ہونے والوں میں اماراتی، عمانی، انڈین، برازیلین، پاکستانی، اردنی اور مصری شہری شامل ہیں۔

  3. مستونگ میں سکیورٹی فورسز کے کیمپ پر خودکش حملہ ناکام بنا دیا گیا: حکام, محمد کاظم، کوئٹہ

    بلوچستان کے ضلع مستونگ میں سرکاری حکام نے سکیورٹی فورسز کے ایک کیمپ پر خودکش حملے کو ناکام بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔

    جمعرات کی رات کو بلوچستان پولیس کی جانب سے جاری کیے گئے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ حملہ این 25 پر واقع پوسٹ پر بارود سے بھری گاڑی کے زریعے کیا گیا۔

    بیان میں دعویٰ کیا گیا ہے سیکورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کر کے اس حملے کو ناکام بنایا اور ان کی کارروائی میں تین حملہ آور مارے گئے۔

    بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ بارودی گاڑی کے دھماکے سے ایک خاتون سمیت دو شہری ہلاک جبکہ خواتین سمیت دس سے زائد شہری زخمی ہوئے۔

    پولیس کے بیان کے مطابق اس حملے میں تین سکیورٹی اہلکار بھی زخمی ہوئے۔

    پولیس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ اس خودکش حملے کے نتیجے میں ایک مسجد اور کئی گھروں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔

    اس حملے کی ذمہ داری کالعدم عسکریت پسند تنظیم بلوچ لبریشن آرمی نے قبول کی ہے۔

    تنظیم کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں سکیورٹی فورسز کو نقصان پہنچانے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔

    دوسری جانب بلوچستان کے وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی اور وزیر داخلہ میر ضیا اللہ لانگو نے اس حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سکیورٹی فورسز نے کارروائی کر کے حملہ آوروں کے عزائم کو ناکام بنا دیا۔

    وزیر اعلیٰ اور وزیر داخلہ نے اپنے الگ الگ بیانات میں کہا کہ بلوچستان میں امن و ترقی کی راہ میں رکاوٹ ڈالنے کی ہر سازش کو ناکام بنایا جائے گا۔

    مستونگ بلوچستان کے ضلع کوئٹہ سے متصل ضلع ہے۔ اس کا شمار ان اضلاع میں ہوتا ہے جو کہ شورش سے متاثر ہیں۔

    اس ضلع میں طویل عرصے سے بدامنی کے سنگین واقعات ساتھ پیش آرہے ہیں۔ تاہم سرکاری حکام کا کہنا ہے کہ ضلع میں صورتحال کی بہتری کے لیے اقدامات کا سلسلہ جاری ہے۔

  4. گلگت بلتستان میں مسافر گاڑی دریائے آباسین میں جا گری، 11 افراد ہلاک: حکام, زبیر خان، صحافی

    گلگت بلتستان کے ضلع غذر سے وادی یاسین جانے والی ایک مسافر ہائی ایس دریائے آباسین میں گرنے کے نتیجے میں ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد 11 ہو گئی ہے۔

    ریسکیو 1122 کے مطابق 11 لاشیں مقامی ہسپتالوں میں پہنچا دی گئی ہیں، جبکہ دیگر لاپتہ مسافروں کی تلاش جاری ہے۔ یہ واقعہ ساڑھے سات بجے پیش آیا تھا، جب ایک مسافر ہائی ایس ایک پُل پر سے دریائے آباسین میں جا گری تھی۔

    ریسکیو حکام اور مقامی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ تاحال گاڑی میں سوار مسافروں کی درست تعداد معلوم نہیں ہو سکی ہے۔ حادثے کے فوراً بعد تین زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا گیا تھا، جن میں سے ایک گیارہ سال کی بچی دم توڑ چکی ہے، جبکہ دو افراد کی حالت نازک ہے۔

    ریسیکو 1122 کے مطابق ریسیکو ٹیموں کو مقامی لوگوں کی مدد بھی حاصل ہے، مگر صورتحال یہ ہے کہ رات کا اندھیرا پھیل چکا ہے اور ’خطرناک دریا میں بڑے بڑے پتھر موجود ہونے کی وجہ سے آپریشن میں انتہائی مشکلات کا سامنا ہے۔‘

    ایک عینی شاہد رومان منظور نے بی بی سی اردو کو بتایا کہ وہ اس مسافر ہائی ایس کے پیچھے اپنی گاڑی میں سفر کر رہے تھے اور انھوں نے دیکھا کہ ان کے آگے چلنے والی گاڑی پُل پر پہنچتے ہی ’ایک دم دریا میں جا گری۔‘

  5. واشنگٹن حملے میں ملوث مبینہ حملہ آور ہلاک ہو گیا ہے: پولیس

    واشنگٹن ڈی سی کی پولیس کے ایک ترجمان نے بی بی سی کو بتایا ہے کہ جمعرات کے روز شہر میں ہونے والی فائرنگ کے واقعے میں ملوث مبینہ حملہ آور ہلاک ہو گیا ہے۔

    پولیس نے موت کی وجہ کی تصدیق نہیں کی۔

    اب سے کچھ دیر قبل ہونے والی پریس کانفرنس میں حکام نے کہا تھا کہ بظاہر مشتبہ شخص کو اپنی ہی گولی لگی تھی۔

    دوسری جانب ڈی سی پولیس نے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں کہا کہ ’محاصرہ ختم ہو گیا ہے۔ علاقہ اب محفوظ ہے۔ تاہم ٹریفک کی بڑی بندشیں بدستور برقرار ہیں۔‘

    پولیس اب بھی عوام سے اس علاقے سے دور رہنے کی اپیل کر رہی ہے۔

  6. پاکستان میں سونے کی فی تولہ قیمت 10 ہزار 900 روپے کمی کے بعد چار لاکھ 16 ہزار 536 روپے ہو گئی, تنویر ملک، صحافی

    پاکستان کی مقامی صرافہ مارکیٹ میں جمعرات کے روز سونے کی فی تولہ قیمت میں 10 ہزار 900 روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی، جس کی وجہ عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں کمی ہے۔

    آل پاکستان صرافہ جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق 24 قیراط سونے کی فی تولہ قیمت کم ہو کر چار لاکھ 16 ہزار 536 روپے ہو گئی۔

    اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت 9 ہزار 345 روپے کمی کے بعد تین لاکھ 57 ہزار 112 روپے پر آ گئی۔

    عالمی مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمت 109 ڈالر کم ہو کر تین ہزار 940 ڈالر فی اونس پر پہنچ گئی ہے۔

    مقامی مارکیٹ میں سونے کی قیمت عالمی نرخوں کے مقابلے میں 20 ڈالر کے پریمیم کے ساتھ مقرر کی جاتی ہے۔

    دوسری جانب چاندی کی فی تولہ قیمت میں بھی 190 روپے کی کمی ہوئی، جس کے بعد یہ 5 ہزار 578 روپے ہو گئی۔ اسی طرح 10 گرام چاندی کی قیمت 163 روپے کمی کے بعد چار ہزار 782 روپے پر آ گئی۔

  7. واشنگٹن میں فائرنگ کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک اور چار زخمی، پولیس کا مشتبہ حملہ آور کو پکڑنے کا دعویٰ

    امریکی پولیس کا کہنا ہے کہ واشنگٹن میں فائرنگ کے واقعے میں ایک شخص ہلاک اور چار زخمی ہوئے ہیں جبکہ حملہ آور کو پکڑ لیا گیا ہے۔

    واشنگٹن ڈی سی پولیس کے عبوری سربراہ جیفری ڈبلیو کیرول نے جمعرات کے روز پریس کانفرنس کے دوران ’ابتدائی نوعیت کی معلومات‘ فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ آج صبح مقامی وقت کے مطابق آٹھ بجے سے کچھ پہلے پولیس کو فائرنگ کی اطلاع ملی۔

    ان کے مطابق، ’افسران کو فوری طور پر روانہ کیا گیا اور وہ 30 سیکنڈ کے اندر موقع پر پہنچ گئے۔‘

    کیرول کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک جبکہ چار دیگر افراد گولی لگنے سے زخمی ہیں جنھیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ زخمیوں میں سے ایک کی حالت تشویشناک ہے، جبکہ دیگر تین افراد کے زخم بظاہر جان لیوا نہیں۔

    عبوری پولیس چیف نے کہا کہ عمارت کی ساتویں منزل سے گولیوں کی آوازیں سنائی دیں، جہاں مشتبہ شخص نے خود کو محصور کر رکھا تھا۔

    انھوں نے دعویٰ کیا کہ ایک اور گولی چلنے کی آواز آنے کے بعد پولیس اہلکار زبردستی اپارٹمنٹ میں داخل ہوئے جہاں مشتبہ شخص خود بھی گولی لگنے کے زخم کے ساتھ ملا۔

    پولیس چیف کے مطابق مشتبہ شخص ایک سفید فام مرد ہے اور پولیس کو اندازہ ہے کہ وہ کون ہے۔

    کیرول کے مطابق مشتبہ حملہ آور نے بظاہر خود کو گولی ماری ہے۔

    انھوں نے کہا کہ پولیس کا خیال ہے کہ مشتبہ شخص کا ’اپارٹمنٹ کی انتظامیہ کے ساتھ کسی قسم کا تنازع تھا‘، تاہم ابھی تحقیقات جاری ہیں۔

    کیرول نے مزید بتایا کہ پولیس کو یقین ہے کہ ’آگ لگائی گئی تھی‘ جسے بجھا دیا گیا ہے۔

    ان کے مطابق اہلکار اب بھی عمارت کے اندر اس یونٹ کی تلاشی لے رہے ہیں جہاں حملہ ہوا تھا۔ حکام کا خیال ہے کہ یہ یونٹ مشتبہ شخص کی ملکیت ہے۔

    کیرول نے کہا کہ مشتبہ شخص نے ’خود کو اندر محصور کرنے کے دوران کم از کم دو مرتبہ دروازے کے پار سے پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کی۔‘

  8. امریکہ کو ایران کے ساتھ کسی معاہدے کی ضرورت نہیں: صدر ڈونلڈ ٹرمپ

    امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ کہا ہے کہ امریکہ کو ایران کے ساتھ معاہدے کی ضرورت نہیں۔ ان کا مزید کہنا ہے کہ انھوں نے نائب صدر جے ڈی وینس کو ڈیموکریٹ ریاستوں میں ہونے والی ’وسیع پیمانے پر بدعنوانی‘ پر توجہ مرکوز کرنے کی ہدایت کی ہے۔

    جمعرات کے روز اپنے سوشل میڈیا نیٹ ورک ’ٹروتھ سوشل‘ پر جاری ایک پیغام میں صدر ٹرمپ کا کہنا ہے کہ انھوں نے جے ڈی وینس کو ہدایت کی ہے کہ وہ امریکہ بھر میں ڈیموکریٹک پارٹی کے زیرِ انتظام شہروں اور ریاستوں میں ہونے والی ’وسیع پیمانے پر بدعنوانی اور جرائم‘ پر اپنی مکمل توجہ مرکوز کریں۔

    ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ مینیسوٹا، کیلیفورنیا اور الینوائے جیسی ناقص انداز میں چلائی جا رہی ہیں اور بدعنوانی کا شکار ہیں۔ ان کے بقول ہر ماہ اربوں ڈالر چرائے جا رہے ہیں۔

    انھوں نے دعویٰ کیا کہ اگر اس بڑے پیمانے کی مجرمانہ سرگرمی کا خاتمہ کر دیا جائے تو امریکہ کا بجٹ تیزی سے متوازن کیا جا سکتا ہے۔

    انھوں نے الزام لگایا کہ ’بدعنوانی ڈیموکریٹک قیادت کے خون میں شامل ہے۔‘

    ایران کے متعلق بات کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ’ہمیں ایران کے ساتھ کسی معاہدے کی ضرورت نہیں۔ وہ دن بہت پہلے گزر چکے ہیں۔ ہمارے پاس ان کا پیسہ ہے، سیکڑوں ارب ڈالر، اور ہمارے پاس ان کی آبنائے [ہرمز] بھی ہے۔‘

  9. امریکی دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی میں فائرنگ، پانچ افراد زخمی: ہم اب تک کیا جانتے ہیں؟

    امریکہ کے دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی کے وسطی علاقے میں فائرنگ کے ایک واقعے میں پانچ افراد کو گولیاں لگی ہیں۔ پولیس کے مطابق حملہ آور کو تاحال گرفتار نہیں کیا جا سکا ہے۔

    ہمیں اب تک کیا معلوم ہے؟

    • واشنگٹن ڈی سی میں مقامی وقت کے مطابق صبح 8:30 بجے سے کچھ پہلے پولیس نے وائٹ ہاؤس سے ایک میل سے بھی کم فاصلے پر واقع لوگن سرکل کے علاقے میں ایکٹو شوٹنگ کی صورتحال کی اطلاع دی۔
    • اس واقعے میں پانچ افراد کو گولیاں لگی ہیں۔
    • تقریباً ایک گھنٹے بعد پولیس نے بتایا کہ مشتبہ حملہ آور نے 15ویں سٹریٹ پر واقع ایک عمارت میں خود کو بند کر لیا ہے۔
    • ڈی سی سٹی کونسل کے ایک رکن کے مطابق فائرنگ کا واقعہ ایک فٹنس سینٹر میں پیش آیا۔ ایک عینی شاہد نے بتایا کہ انھیں ابتدا میں ایسا لگا جیسے ورزش کے لیے استعمال ہونے والی گیند پھٹ گئی ہو۔
    • حکام نے عوام کو ہدایت کی ہے کہ وہ اس علاقے سے دور رہیں۔

    ہم اب تک کیا نہیں جانتے؟

    • جن افراد کو گولی لگی ہے ان کی حالت کیسی ہے۔
    • مشتبہ حملہ آور کون ہے اور آیا پولیس کو کسی اور شخص کے ملوث ہونے کا بھی شبہ ہے یا نہیں۔
    • حملے کا محرک یا مقصد کیا تھا۔
    • صورتحال کو قابو میں کرنے میں کتنا وقت لگے گا اور آیا مشتبہ شخص اب بھی عمارت کے اندر خود کو بند کیے ہوئے ہے یا نہیں۔
  10. اینویڈیا کے شیئرز میں 13 فیصد کمی، کمپنی کی مارکیٹ قدر میں 500 ارب ڈالر سے زائد کی کمی

    امریکی شیئر مارکیٹ میں جمعرات کے روز ٹریڈنگ کے آغاز پر اینویڈیا کے شیئرز 13 فیصد سے زیادہ نیچے آ گئے، جس کے نتیجے میں کمپنی کی مارکیٹ قدر میں 500 ارب ڈالر سے زیادہ کی کمی واقع ہوئی۔

    یہ صورتحال اس خبر کے بعد سامنے آئی کہ جینسن ہوانگ نے کمپنی کے چیف ایگزیکٹو کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔

    بدھ کی شام یہ خبر سامنے آنے کے بعد کہ ہوانگ پر کمپنی کے اندر ایک خاتون کے ساتھ مبینہ تعلقات کا الزام ہے، مارکیٹ کھلنے سے پہلے ہی اینویڈیا کے شیئرز میں تیزی سے گراوٹ دیکھی جا رہی تھی۔

    ٹیکنالوجی کمپنیوں پر مشتمل نیس ڈیک کمپوزٹ انڈیکس بھی منفی رجحان کے ساتھ کھلا، جبکہ ایس اینڈ پی 500 میں بھی کمی دیکھی گئی۔ اینویڈیا کا ایس اینڈ پی 500 کی مجموعی قدر میں تقریباً چھ فیصد حصہ ہے۔

    مصنوعی ذہانت (اے آئی) کی صنعت میں کلیدی اہمیت رکھنے والی یہ کمپنی آئندہ منگل کو اپنے تازہ مالی نتائج جاری کرے گی۔

  11. اینویڈیا کے سی ای او جینسن ہوانگ نے استعفیٰ دے دیا

    امریکی ٹیکنالوجی کمپنی اینویڈیا کا کہنا ہے کہ کمپنی کے شریک بانی جینسن ہوانگ نے اپنی تمام قیادتی ذمہ داریوں سے استعفیٰ دے دیا ہے۔

    ہوانگ کمپنی کے چیف ایگزیکٹو، صدر اور بورڈ کے رکن تھے۔

    کمپنی کے بورڈ کے مطابق کولیٹ کریس نے عبوری چیف ایگزیکٹو کے طور پر خدمات انجام دینے پر رضامندی ظاہر کی ہے۔ وہ کمپنی میں ایگزیکٹو نائب صدر اور چیف فنانشل آفیسر کے عہدے پر فائز ہیں۔

    بیان کے مطابق بورڈ آف ڈائریکٹرز کے رکن ہاروی جونز کا کہنا ہے کہ ’کولیٹ نے غیر معمولی ترقی کے ایک دور میں اینویڈیا کی قیادت میں اہم کردار ادا کیا ہے اور وہ ہمارے کاروبار، صارفین، آپریشنز اور مالی صورتِ حال کے بارے میں گہری سمجھ رکھتی ہیں۔‘

    کمپنی کا مزید کہنا ہے کہ ہاروی جونز کو بورڈ کی تاریخ میں پہلی بار چیئرمین منتخب کیا گیا ہے۔

    یاد رہے کہ جینسن ہوانگ پر الزام تھا کہ ان کا ایک مبینہ چینی جاسوس ایلس ہوانگ کے ساتھ تعلق تھا۔ بعد ازاں ایسی خبریں سامنے آئیں جن میں دعویٰ کیا گیا کہ جینسن ہوانگ کا کمپنی کی ایک عہدیدار سے بھی تعلق تھا۔

  12. برطانیہ میں ایران کے انٹیلی جنس ادارے کے لیے جاسوسی کے الزام میں دو افراد مجرم قرار

    برطانیہ کی عدالت نے دو ایرانی شہریوں کو برطانیہ میں صحافیوں اور ایک وکیل کی نگرانی کر کے ایرانی انٹیلی جنس سروس کو مدد فراہم کرنے کے الزام میں قصوروار قرار دیا ہے۔

    41 سالہ مصطفیٰ سپہوند اور 46 سالہ فرہاد جوادی منش کو جمعرات کے روز وول وچ کراؤن کورٹ نے ’غیر ملکی انٹیلی جنس سروس کی معاونت‘ کے الزام میں مجرم قرار دیا۔

    عدالت میں بتایا گیا کہ انھیں ایران کی پاسدارانِ انقلاب (نے اہداف کی نگرانی کا کام سونپا تھا۔ سپہوند کم از کم ایک ہدف کے خلاف ’پرتشدد حملہ‘ کرنے کا ارادہ رکھتے تھے جبکہ جوادی منش منصوبہ بندی میں ان کی مدد کر رہے تھے۔

    57 سالہ تیسرے ملزم شاپور قلعہ علی خانی نوری کو اسی الزام سے بری کر دیا گیا۔

    سپہوند دو ایسے افراد کے ساتھ رابطے میں تھے جو ایرانی ٹیلی فون نمبروں کا استعمال کر رہے تھے۔

    پولیس نے جی بی ڈیٹا قبضے میں لیا جس سے معلوم ہوا کہ سپہوند اور جوادی منش کو ایسی دستاویزات فراہم کی گئی تھیں جن میں اہداف کی تصاویر، ان کے دفاتر کے پتے، ان کی گاڑیوں کا ماڈل اور رنگ، اور یہاں تک کہ ان کے پالتو جانوروں کے نام بھی شامل تھے۔ بعد میں انھوں نے مزید معلومات حاصل کرنے کے لیے چیٹ جی پی ٹی کا استعمال بھی کیا۔

    مغربی لندن سے تعلق رکھنے والے یہ دونوں افراد پناہ کے متلاشی ہیں جنھیں عارضی طور پر برطانیہ میں رہنے کی اجازت دی گئی تھی۔ سپہوند ایک لاری میں چھپ کر برطانیہ پہنچے تھے جبکہ جوادی منش ایک چھوٹی کشتی کے ذریعے آئے تھے۔

    استغاثہ کے مطابق سپہوند برطانیہ میں کئی ’اہداف‘ کے خلاف تشدد کی کارروائی کی تیاری کے لیے نگرانی اور ریکی کر رہے تھے۔

    ان اہداف میں لندن میں قائم فارسی نشریاتی ادارے ایران انٹرنیشنل سے وابستہ صحافی مجتبیٰ پورمحسن اور کامبیز حسینی، یو کے لائرز فار اسرائیل کے بانی رکن جوناتھن ٹرنر، اور میڈیا پروڈکشن کے شعبے سے وابستہ ایک شخص شامل تھے۔

  13. ایران کی مجلسِ خبرگانِ رہبری کا جوہری ہتھیاروں کے عدم پھیلاؤ کے معاہدے سے دستبردار ہونے پر غور کا مطالبہ

    ایران میں رہبر اعلیٰ کے انتخاب اور ان کی سرگرمیوں پر نظر رکھنے والی کونسل مجلسِ خبرگانِ رہبری نے ایک بیان میں جوہری ہتھیاروں کے عدم پھیلاؤ کے معاہدے (این پی ٹی) سے دستبردار ہونے اور ایران کے دفاعی نظریے پر نظرِ ثانی پر غور کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

    کونسل کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ این پی ٹی سے علیحدگی اور دشمن کو باز رکھنے کے لیے ضروری دفاعی قوت پیدا کرنے کے لیے دفاعی نظریے میں تبدیلی پر غور کرنا اب ایک ’ناگزیر ضرورت‘ اور ’عوامی و قومی مطالبہ‘ بن چکا ہے۔

    مجلسِ خبرگان رہبری نے خبردار کیا ہے کہ اگر ایران پر دوبارہ حملہ کیا گیا تو ملک کی مسلح افواج ’فوری اور مؤثر جواب دیں گی جس پر کوئی جغرافیائی پابندی نہیں ہوگی۔‘

    ادارے نے مختلف اداروں اور قوتوں کی شمولیت کے ساتھ، اور رہبرِ اعلیٰ کے دفتر کی نگرانی میں، ایک ’وار اکانومی ہیڈکوارٹر‘ قائم کرنے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔

    اس کے علاوہ ’دشمن کی ثقافتی یلغار‘ کا مقابلہ کرنے پر زور دیا ہے۔

    حالیہ ہفتوں میں کئی ایرانی حکام اور اراکینِ پارلیمان ملک کی جوہری پالیسی پر نظرِ ثانی کا مطالبہ کر چکے ہیں، جبکہ بعض نے کھل کر ایران کے لیے جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی ضرورت کا بھی اظہار کیا ہے۔

    ان میں تہران کے قائم مقام امامِ جمعہ محمد جواد حاج علی اکبری بھی شامل ہیں، جنھوں نے 28 نومبر کو جوہری نظریے میں تبدیلی کو ’قومی مطالبہ‘ قرار دیا تھا۔ اسی طرح پارلیمان کے پریزیڈیم کے رکن احمد نادری نے بھی ایٹم بم بنانے کا مطالبہ کیا تھا۔

    تاہم ایران کی سپریم نیشنل سیکیورٹی کونسل کے سیکریٹری محسن رضائی نے 29 نومبر کو کہا تھا کہ حکومت جوہری نظریے میں تبدیلی پر غور کر رہی ہے، لیکن اس حوالے سے ابھی کوئی باضابطہ فیصلہ نہیں کیا گیا۔

    دوسری جانب ایرانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے 9 نومبر کو اس بات پر زور دیا تھا کہ تہران اب بھی این پی ٹی کی پابندیوں اور ذمہ داریوں کا پابند ہے۔

  14. ترک صدر کی ایرانی ہم منصب سے ملاقات، ’بنا کسی تاخیر کے‘ دوبارہ مذاکرات شروع کرنے پر زور

    ترکی کے صدر رجب طیب اردوغان نے جمعرات کو اپنے ایرانی ہم منصب مسعود پزشکیان سے ملاقات کے بعد کہا ہے کہ امریکہ اور ایران کے درمیان جنگ کے خاتمے کے لیے مذاکرات ’بنا کسی تاخیر کے‘ دوبارہ شروع ہونے چاہییں۔

    ترک ایوانِ صدر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ رجب طیب اردوغان اور ایران کے صدر کے درمیان انتالیہ میں اقوامِ متحدہ کی موسمیاتی کانفرنس کے موقع پر ملاقات ہوئی۔

    ملاقات کے دوران اردوغان نے ’بنا کسی تاخیر کے مذاکرات کی میز پر واپس آنے کی اہمیت‘ پر زور دیا اور کہا کہ ’ترکی امن کے قیام کی کوششوں کی حمایت جاری رکھے گا۔‘

    انھوں نے کہا کہ، ’معاہدے تک پہنچنے کے لیے مشترکہ نکات کو مضبوط بنایا جانا چاہیے اور سفارت کاری کو موقع دیا جانا چاہیے۔‘

    ترک صدر نے اس امید کا بھی اظہار کیا کہ امریکہ کے ساتھ جنگ ’جلد از جلد ختم‘ ہو جائے گی۔

    جنگ کے خاتمے کے لیے مذاکرات اور سفارتی کوششیں، جن میں قطر اور پاکستان ثالثی کا کردار ادا کر رہے ہیں، بھی جاری ہیں۔

    تہران چاہتا ہے کہ واشنگٹن آبنائے ہرمز کھولنے کے بدلے میں اس کے مطالبات تسلیم کرے، جن میں منجمد اثاثوں کی بحالی اور پابندیوں کا خاتمہ شامل ہے۔

    ایران نے تنازع کے آغاز سے ہی توانائی کی ترسیل کے لیے اہم سمجھی جانے والی اس آبی گزرگاہ کو بند کر رکھا ہے۔

  15. اینویڈیا کے چیف ایگزیکٹیو جینسن ہوانگ کا ایک اور خاتون سے تعلق کی خبریں، کمپنی کے حصص کی قیمتوں میں بڑی کمی

    دنیا کی دوسری سب سے بڑی کمپنی اینویڈیا کے چیف ایگزیکٹو اور شریک بانی جینسن ہوانگ کے مبینہ چینی جاسوس کے ساتھ تعلق کے بعد کمپنی کی ہی ایک ملازمہ کے ساتھ تعلقات کی خبروں کے بعد کمپنی کے کے حصص کی قیمت میں تقریباً 7.5 فیصد کمی ہوئی ہے۔

    گذشتہ روز چِپ بنانے والی اس بڑی کمپنی کے حصص نے وال سٹریٹ میں دن کا اختتام مثبت انداز میں کیا تھا، حالانکہ جینسن ہوانگ کے مبینہ چینی جاسوس خاتون کے ساتھ تعلقات کی خبروں کے باعث کمپنی کو گذشتہ چند دنوں میں مشکلات کا سامنا رہا تھا۔

    تاہم مارکیٹ بند ہونے کے بعد صورتحال بدل گئی اور ایک دوسرے تعلق کی رپورٹس بھی سامنے آ گئیں۔

    اینویڈیا کو مصنوعی ذہانت کی تیزی سے بڑھتی ہوئی ترقی کے پسِ منظر میں سب سے اہم کمپنیوں میں شمار کیا جاتا ہے، کیونکہ وہ اس کمپیوٹر چِپ کی واحد تیار کنندہ ہے جو اے آئی ٹولز میں استعمال ہوتی ہے۔

    اس کی چِپس امریکہ کے حکام کے لیے قومی سلامتی کا معاملہ بن چکی ہیں، جو اے آئی کی دوڑ میں چین پر سبقت حاصل کرنے کے خواہاں ہیں۔

    اینویڈیا کے بورڈ کا آج اجلاس متوقع ہے جس میں یہ غور کیا جائے گا کہ آیا طویل عرصے سے کمپنی کی قیادت کرنے والے جینسن ہوانگ کو عہدے سے ہٹایا جائے یا نہیں۔ یہ اجلاس ایک ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب ان کے مبینہ طور پر دو خواتین تعلقات کی رپورٹس سامنے آئی ہیں۔

    ٹیکنالوجی کی دنیا میں کئی حلقوں کا خیال تھا کہ ایکنویڈیا کے ارب پتی شریک بانی شاید مبینہ چینی جاسوس سے تعلق کے تنازعے سے نکل سکتے ہیں۔

    تاہم اگر دوسرے مبینہ تعلق کی بھی تصدیق ہو جاتی ہے، خصوصاً اگر وہ کمپنی کی کسی ملازمہ کے ساتھ ہے، تو یہ ایسا معاملہ ہو سکتا ہے جسے کسی بھی کارپوریٹ بورڈ کے لیے نظر انداز کرنا مشکل ہو۔

    ٹیکنالوجی کی صنعت سے وابستہ ایک ذریعے نے بدھ کے روز بی بی سی سے گفتگو میں کہا ’اب ان کے لیے بچ نکلنا بہت مشکل ہو گیا ہے۔‘

  16. نیویارک میں عمارت گرنے سے کم از کم دو افراد ہلاک، 17 سے زائد زخمی

    امریکی حکام کے مطابق نیویارک سٹی میں ایک عمارت کھلے تعمیراتی مقام پر گرنے سے کم از کم دو افراد ہلاک اور 17 سے زائد زخمی ہو گئے ہیں۔

    واقعے کے بعد بڑے پیمانے پر تلاش اور امدادی کارروائی شروع کر دی گئی ہیں، جس میں 250 سے زائد امدادی اہلکاروں نے بروکلین میں ملبے تلے دبے ممکنہ متاثرین کو تلاش کرنے کی کوشش کرتے رہے۔

    تین منزلہ عمارت گرنے کے کئی کئی گھنٹے بعد ایک فضائی ویڈیو میں دیکھا گیا کہ فائر فائٹرز ایک زندہ بچ جانے والی خاتون کو، جو گرد و غبار سے اٹی ہوئی تھی، سٹریچر پر نکال رہے ہیں۔ بعد ازاں بتایا گیا کہ وہ حاملہ تھیں۔

    حکام کا کہنا ہے کہ ابھی یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ مزید کتنے افراد لاپتا ہیں۔

    بدھ کی دوپہر پیش آنے والے اس اچانک حادثے کی وجہ جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔

  17. رأس الخیمہ کے قریب تجارتی جہاز پر نامعلوم پروجیکٹائل سے حملہ کیا گیا، برطانوی میری ٹائم سکیورٹی کمپنی کا دعویٰ

    برطانوی میری ٹائم سکیورٹی کمپنی ایمبری نے اپنی ایک رپورٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ گذشتہ روز (11 نومبر) کو ایک تجارتی جہاز کو آبنائے ہرمز سے نکلتے وقت متحدہ عرب امارات کے شہر رأس الخیمہ سے تقریباً 26 کلومیٹر شمال مغرب میں ایک نامعلوم پروجیکٹائل نے نشانہ بنایا گیا۔

    ایمبری کے مطابق یہ پورجیکٹائل جہاز کے پچھلے حصے (اسٹرن) سے ٹکرایا جس کے نتیجے میں انجن روم میں آگ بھڑک اٹھی۔

    کمپنی کے مطابق اس واقعے میں عملے کے کسی رکن کے زخمی ہونے یا سمندری ماحول کو آلودگی پہنچنے کی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔

  18. ایران کے ساتھ جنگ میں ہم مکمل فتح حاصل کرنا چاہتے ہیں: ڈونلڈ ٹرمپ

    امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بدھ کے روز کہا ہے کہ امریکہ ایران کے ساتھ جنگ جیت چکا ہے، تاہم یہ ایک الگ سوال ہے کہ یہ تنازع کب ختم ہوگا۔

    ورجینیا میں آرلنگٹن نیشنل سیمیٹری میں ویٹرنز ڈے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ’امریکہ نے ایران کے ساتھ جنگ شروع نہیں کی۔ ایران 1979 سے امریکہ کے ساتھ حالتِ جنگ میں ہے۔ اس مسئلے کو بہت پہلے حل ہو جانا چاہیے تھا۔‘

    ان کا مزید کہنا تھا کہ ’ہماری موجودہ انتظامیہ میں، اور آخرکار وقت آ ہی گیا تھا کہ کوئی ان کے سامنے کھڑا ہوتا۔ ہم سب نے جواب دیا۔ ہم نے بھرپور جواب دیا اور پوری طاقت سے مقابلہ کیا۔ اور ہم جیت گئے۔ اب صرف یہ سوال باقی ہے کہ ہم اسے کب ختم کرنا چاہتے ہیں۔

    ’ہم یہ یقینی بنانا چاہتے ہیں کہ ہماری فتح مکمل ہو، 93 فیصد فتح نہیں۔ یہ مکمل فتح ہوگی۔ جو کچھ ہم نے تباہ کیا ہے اسے دوبارہ تعمیر کرنے میں 25 سال لگیں گے، اور امید ہے کہ ہمیں اس ملک کے کسی اور حصے کو تباہ نہیں کرنا پڑے گا۔‘

  19. سعودی عرب اور مقدس مساجد کی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے، پاکستانی فوج کے ترجمان کا عرب اخبار کو انٹرویو

    پاکستانی فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ سعودی عرب کی سلامتی، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے لیے پاکستان کا عزم ’غیر متزلزل اور ناقابلِ سمجھوتہ‘ ہے۔

    عرب اخبار الشرق الاوسط کو دیے گئے ایک انٹرویو میں انھوں نے کہا کہ مکہ مشترکہ دفاعی اتحاد کی مشترکہ دفاعی ذمہ داریوں کو عملی شکل دینے کے لیے ایسے اقدامات کیے جا رہے ہیں جن سے ضرورت پڑنے پر سعودی عرب میں متفقہ فوجی دستوں اور دفاعی صلاحیتوں کی فوری تعیناتی ممکن ہو سکے۔

    ان کے مطابق ان اقدامات میں فوجی تیاری کی سطح میں اضافہ، عسکری انضمام کو مضبوط بنانا، انٹیلی جنس معلومات کا تبادلہ اور مکمل طور پر دفاعی نوعیت کی کارروائیوں کے لیے رابطہ کاری شامل ہے۔

    سعودی عرب میں پاکستانی فوجی موجودگی

    لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے بتایا کہ پاکستانی فوجی پہلے ہی مختلف ذمہ داریوں کے تحت سعودی عرب میں موجود ہیں اور ان کا بنیادی کردار دفاعی معاونت، تربیتی مشقوں اور فوجی مشقوں میں شرکت ہے۔

    انھوں نے کہا کہ پاکستان دفاعی مقاصد کے لیے سعودی عرب کو درکار ہر ممکن تعاون فراہم کرتا رہے گا، جس میں فوجی عملہ، دفاعی صلاحیتیں، تربیت اور لاجسٹک مدد شامل ہیں۔

    تاہم سعودی عرب میں پاکستانی فوجیوں کی تعداد یا ان کی تعیناتی کے مقامات کے بارے میں تفصیلات فراہم کرنے سے گریز کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ عسکری اتحادوں میں ایسی معلومات عام طور پر منظرِ عام پر نہیں لائی جاتیں۔

    حالیہ حملوں پر تشویش

    پاکستانی فوج کے ترجمان نے کہا کہ مکہ دفاعی اتحاد کے عملی اقدامات کا فیصلہ سعودی عرب پر حالیہ حملوں کے بعد کیا گیا۔ انھوں نے ہوائی اڈوں، شہروں اور شہری و اقتصادی تنصیبات کو نشانہ بنانے والے حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ سعودی عرب کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے خلاف اقدام ہیں اور خطے کے امن و استحکام کے لیے خطرہ ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب اور حرمین شریفین کا تحفظ پاکستان کی اولین اور غیر متنازع ترجیح ہے۔ احمد شریف چوہدری نے ساتھ ہی کشیدگی میں کمی، تحمل اور سفارتی حل کی ضرورت پر بھی زور دیتے ہوئے کہا کہ مزید تصادم کسی کے مفاد میں نہیں۔

    ایران کے ساتھ رابطوں کا ذکر

    پاکستانی فوج کے ترجمان نے بتایا کہ 26 اکتوبر کو تہران میں مکہ مشترکہ دفاعی اتحاد کے نمائندوں اور ایرانی حکام کے درمیان ہونے والی ملاقات کا مقصد کشیدگی میں کمی اور علاقائی تعاون کے لیے ایک فریم ورک تشکیل دینا تھا۔

    ان کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر کی اس عمل میں شرکت اور تہران کا دورہ اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ پاکستان خطے میں مکالمے اور تنازعات کے پرامن حل کا حامی ہے۔

    مکہ اتحاد اور دفاعی معاہدہ

    لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ گذشتہ برس اعلان کردہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مشترکہ تزویراتی دفاعی معاہدہ دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ دفاعی تعاون کا فریم ورک فراہم کرتا ہے۔

    دوسری جانب مکہ مشترکہ دفاعی اتحاد ایک سہ فریقی ڈھانچہ ہے جس میں پاکستان، سعودی عرب اور ترکی شامل ہیں اور جس کا مقصد اجتماعی دفاع، مشترکہ تیاری اور فوجی رابطہ کاری کو فروغ دینا ہے۔

    انھوں نے کہا کہ دونوں انتظامات مکمل طور پر دفاعی نوعیت کے ہیں اور کسی ملک کے خلاف جارحانہ عزائم نہیں رکھتے۔ پاکستانی فوج کے ترجمان کے مطابق پاکستان، سعودی عرب اور ترکی مستقبل میں اجتماعی دفاعی صلاحیت، عسکری تعاون اور علاقائی استحکام کو مزید مضبوط بنانا چاہتے ہیں۔

  20. آبنائے ہرمز کے جنوبی راستے میں دو آئل ٹینکر دھماکے کے بعد رک گئے، پاسداران انقلاب

    ایران کی پاسدارانِ انقلاب کی بحریہ نے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز کے جنوبی حصے سے گزرنے والے دو آئل ٹینکر گذشتہ رات ایک شدید دھماکے کے بعد رک گئے۔

    پاسداران انقلاب کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ کے مطابق دونوں جہاز سپر ٹینکر تھے اور ان میں مجموعی طور پر 40 لاکھ بیرل سے زیادہ خام تیل موجود تھا۔

    بیان میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ دونوں ٹینکروں نے آبنائے ہرمز میں سفر سے متعلق ایرانی حکام کی متعدد انتباہی ہدایات کو نظر انداز کیا اور ایک ایسے راستے کا انتخاب کیا جسے تہران غیر محفوظ اور غیر مجاز قرار دیتا ہے۔

    ایران کا مؤقف ہے کہ آبنائے ہرمز سے گزرنے والے بحری جہازوں کو اس کی جانب سے مقرر کردہ بحری راستوں پر عمل کرنا چاہیے۔

    ایرانی حکام کے مطابق بعض کارگو جہاز اور آئل ٹینکر حالیہ پابندیوں اور ضابطوں سے بچنے کے لیے متبادل راستے اختیار کر رہے ہیں، جنھیں تہران قانونی حیثیت حاصل نہ ہونے کا دعویٰ کرتا ہے۔

    تاہم ایرانی حکام نے تاحال یہ نہیں بتایا کہ دھماکے کی نوعیت کیا تھی، آیا اس واقعے میں کوئی جانی نقصان ہوا یا نہیں، اور جہازوں کو کتنا نقصان پہنچا ہے۔ مزید تفصیلات جاری نہیں کی گئی ہیں۔