آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے

مجھے مرکزی ویب سائٹ یا ورژن پر لے جائیں

کم ڈیٹا استعمال کرنے والے ورژن کے بارے میں مزید جانیں

لائیو, غزہ امن منصوبے پر اختلافات حل کرنے کے لیے کشنر اور ملادینوف اسرائیل جائیں گے

امریکی حکام نے بتایا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کے نمائندے اور داماد جیرڈ کشنر، غزہ امن کونسل کے سربراہ نکولائے ملادینوف کے ہمراہ اگلے ہفتے اسرائیل کا دورہ کریں گے۔ اس دورے کا مقصد غزہ امن منصوبے سے متعلق اختلافات کو حل کرنا ہے، جسے اسرائیلی وزیرِاعظم بنیامن نتن یاہو نے مسترد کر دیا ہے۔

خلاصہ

  • بلوچستان: کچھی میں پل کو دھماکے سے نقصان، چاغی میں مشینری نذرِ آتش
  • غزہ امن منصوبے پر اختلافات حل کرنے کے لیے کشنر اور ملادینوف اسرائیل جائیں گے
  • برطانیہ کو 'اسلامی جمہوریہ' قرار دینے پر نیتن یاہو کے ترجمان کا دفاع
  • تیل کی برآمدات ایران امریکہ جنگ کے آغاز کے بعد بلند ترین سطح پر پہنچ گئیں: عراقی وزیرِ تیل
  • لاہور میں فائرنگ سے ہلاک ہونے والے تین پولیس اہلکاروں کی نمازِ جنازہ ادا کر دی گئی

لائیو کوریج

  1. بلوچستان: کچھی میں پل کو دھماکے سے نقصان، چاغی میں مشینری نذرِ آتش, محمد کاظم، بی بی سی اردو، کوئٹہ

    بلوچستان کے اضلاع کچھی اور چاغی میں ایک پل کو دھماکہ خیز مواد سے نقصان پہنچانے کے علاوہ معدنیات نکالنے کے دو مقامات پر نصب مشینری کو نذرِ آتش کیا گیا ہے۔

    ضلع کچھی میں پل کو نقصان بولان کے علاقے میں کوئٹہ اور سبی کے درمیان شاہراہ پر کمبڑی کے مقام پر پہنچایا گیا۔

    ڈھاڈر میں تعینات پولیس اہلکار نصراللہ نے فون پر بی بی سی کو بتایا کہ نامعلوم افراد نے پل کے ساتھ دھماکہ خیز مواد نصب کیا تھا، جس کے پھٹنے سے پل کو جزوی نقصان پہنچا، تاہم متبادل پل موجود ہونے کے باعث ٹریفک کی آمد و رفت متاثر نہیں ہوئی۔

    دوسری جانب ضلع چاغی میں معدنیات نکالنے کے دو مقامات، چاغی تھانے کی حدود میں زیارت بلانوش اور زر دکان، پر مشینری کو نذرِ آتش کیا گیا۔

    ایک سینیئر سرکاری اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ پہاڑی علاقوں میں واقع دونوں مقامات پر تقریباً 15 موٹر سائیکلوں پر سوار مسلح افراد پہنچے اور وہاں موجود مشینری کو آگ لگا دی۔

    اہلکار کے مطابق دالبندین کے صدر تھانے کی حدود میں برتاگزی لانڈھی کے علاقے میں بھی مشینری کو آگ لگائی گئی۔

    اہلکار کے مطابق دالبندین سے تقریباً 40 کلومیٹر دور واقع اس علاقے میں پانچ گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں پر سوار مسلح افراد نے کرش پلانٹ کی مشینری کو آگ لگا دی۔

    ان کے مطابق تینوں حملوں میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، جبکہ مشینری کو پہنچنے والے مالی نقصان کا تخمینہ لگایا جا رہا ہے۔

  2. برطانیہ کو ’اسلامی جمہوریہ‘ قرار دینے پر نیتن یاہو کے ترجمان کا دفاع

    اسرائیلی وزیرِاعظم کے ترجمان نے بنیامن نتن یاہو کے برطانیہ کے بارے میں دیے گئے بیان اور اس ملک کو ’اسلامی جمہوریہ‘ قرار دینے کے بیان کا دفاع کیا ہے۔

    نتن یاہو نے اسرائیلی فوج کے ریڈیو کے ایک پوڈکاسٹ میں ونسٹن چرچل کے پوتے سے اپنی ملاقات کا ذکر کرتے ہوئے انھیں ’اسرائیل کا دوست‘ قرار دیا اور کہا کہ آج کل برطانیہ میں ایسا رویّہ نظر نہیں آتا۔

    انھوں نے کہا کہ برطانیہ اب ’اسلامی جمہوریہ برطانیہ‘ کے نام سے جانا جاتا ہے۔

    برطانیہ اور اسرائیل، جو طویل عرصے سے اتحادی رہے ہیں، کے تعلقات غزہ جنگ کے بعد نمایاں طور پر کشیدہ ہو گئے ہیں۔

    برطانوی حکومت نے اب تک ان بیانات پر کوئی ردِعمل نہیں دیا ہے۔

  3. تیل کی برآمدات ایران امریکہ جنگ کے آغاز کے بعد بلند ترین سطح پر پہنچ گئیں: عراقی وزیرِ تیل

    عراق کی وزارتِ تیل نے اعلان کیا ہے کہ موجودہ مہینے اگست کے آغاز سے ملک کی یومیہ اوسط تیل برآمدات ایران امریکہ جنگ کے آغاز کے بعد اپنی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہیں۔

    عراق کے وزیرِ تیل باسم محمد خضیر نے ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ ماہ کے آغاز سے تیل کی برآمدات روزانہ 20 لاکھ بیرل تک پہنچ گئی ہیں اور مجموعی طور پر تقریباً 2 کروڑ 60 لاکھ بیرل تیل برآمد کیا جا چکا ہے۔

    انھوں نے مزید کہا کہ یومیہ برآمدات کی یہ سطح ’بحران کے آغاز کے بعد پہلی بار‘ ممکن ہوئی ہے۔

    جنگ سے پہلے عراق یومیہ تقریباً 40 لاکھ بیرل تیل پیدا کرتا تھا اور اوسطاً ماہانہ 10 کروڑ 50 لاکھ بیرل برآمد کرتا تھا، جس کا بڑا حصہ بصرہ کے تیل ٹرمینل اور آبنائے ہرمز کے راستے بھیجا جاتا تھا۔

    اوپیک کے بانی اراکین میں شامل عراق کو جنگ کے دوران اپنے بیشتر تیل کے میدانوں میں پیداوار روکنا پڑی، کیونکہ تیل کے ذخیرہ کرنے والے ٹینک بھر چکے تھے۔

    آبنائے ہرمز میں آمدورفت میں رکاوٹ کے بعد عراق نے خام تیل کی برآمدات شام کے راستے آئل ٹینکروں اور ترکیہ جانے والی تیل پائپ لائن کے ذریعے شروع کر دیں۔

  4. غزہ امن منصوبے پر اختلافات حل کرنے کے لیے کشنر اور ملادینوف اسرائیل جائیں گے

    امریکی حکام نے بتایا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کے نمائندے اور داماد جیرڈ کشنر، غزہ امن کونسل کے سربراہ نکولائے ملادینوف کے ہمراہ اگلے ہفتے اسرائیل کا دورہ کریں گے۔

    اس دورے کا مقصد غزہ امن منصوبے سے متعلق اختلافات کو حل کرنا ہے، جسے اسرائیلی وزیرِاعظم بنیامن نتن یاہو نے مسترد کر دیا ہے۔

    جیرڈ کشنر اور نکولائے ملادینوف اسرائیل کے علاوہ مصر کا بھی دورہ کریں گے۔ مصر مذاکرات میں اہم ثالثوں میں سے ایک ہے۔

    یہ دورہ نتن یاہو نے عوامی طور پر غزہ امن کونسل کے 15 نکاتی منصوبے کی مخالفت کیے جانے کے بعد ہو رہا ہے۔

    اس منصوبے کے تحت حماس نے رضامندی ظاہر کی ہے کہ وہ اپنے ہتھیار غزہ پر حکمرانی کرنے والی ایک نئی فلسطینی کمیٹی کے حوالے کر دے گی۔

    امن کونسل کے ایک عہدیدار نے کہا کہ جیرڈ کشنر اور نکولائے ملادینوف امید رکھتے ہیں کہ اس دورے کے دوران ڈونلڈ ٹرمپ کے امن منصوبے کو آگے بڑھانے کے لیے "تعمیری بات چیت" ہوگی۔

    غزہ امن منصوبے کے تازہ ترین حصے کے مطابق، جس سے حماس نے جولائی کے آخر میں اتفاق کیا تھا، اسرائیلی افواج کو مرحلہ وار غزہ کی پٹی کے بیشتر علاقوں سے نکلنا تھا۔ تاہم بعد میں نکولائے ملادینوف اپنے اس مؤقف سے پیچھے ہٹ گئے اور کہا کہ حماس کے مکمل غیر مسلح ہونے تک اسرائیل کو اپنی افواج نکالنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔

    بنیامین نیتن یاہو نے بھی پہلے کہا تھا کہ اسرائیلی افواج غزہ سے واپس نہیں جائیں گی، اور انھوں نے حماس کے غیر مسلح ہونے کے بارے میں شک کا اظہار کیا تھا۔

    اسرائیلی وزیرِاعظم نے زور دیا کہ اس گروہ کو اپنے ہتھیار ایسے طریقے سے تباہ کرنے ہوں گے جس کی تصدیق کی جا سکے۔

  5. لاہور میں فائرنگ سے ہلاک ہونے والے تین پولیس اہلکاروں کی نمازِ جنازہ ادا، اعلیٰ عسکری و سول حکام کی شرکت

    لاہور میں فائرنگ کے ایک واقعے میں ہلاک ہونے والے پنجاب پولیس کے سب انسپکٹر عدیل عاشق، ہیڈ کانسٹیبل اسد اور کانسٹیبل حارث سلیم کی نمازِ جنازہ جمعے کو پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ میں سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کر دی گئی۔

    نمازِ جنازہ میں کور کمانڈر لاہور، صوبائی وزیر خزانہ، چیف سیکریٹری پنجاب، سیکریٹری داخلہ پنجاب، انسپکٹر جنرل پنجاب، کیپیٹل سٹی پولیس آفیسر لاہور سمیت عسکری اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔

    پنجاب پولیس کے ترجمان کے مطابق پولیس کے چاق و چوبند دستے نے ہلاک ہونے والے اہلکاروں کے جسدِ خاکی کو سلامی پیش کی جبکہ کور کمانڈر لاہور نے چیف آف آرمی سٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز کی جانب سے ان اہلکاروں کے تابوتوں پر پھول چڑھائے۔

    اس موقع پر صوبائی وزیر خزانہ، چیف سیکریٹری پنجاب، ڈی جی رینجرز پنجاب، آئی جی پنجاب، سی سی پی او لاہور اور دیگر سول و عسکری حکام نے بھی ہلاک ہونے والے پولیس اہلکاروں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔

    نمازِ جنازہ کے بعد کور کمانڈر لاہور، آئی جی پنجاب اور دیگر اعلیٰ حکام نے ان اہلکاروں کے اہلِ خانہ سے ملاقات کی۔ حکام نے خاندانوں سے اظہارِ تعزیت کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ لواحقین کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا اور ان کی فلاح و بہبود کا ہر ممکن خیال رکھا جائے گا۔

    پنجاب پولیس کے مطابق تینوں اہلکار گذشتہ شب ایک حملے میں ہلاک ہوئے تھے۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ ریحان بٹ اور اس کے ساتھیوں کی فائرنگ کے نتیجے میں پیش آیا۔

    پولیس کے مطابق ریحان بٹ کی جانب سے سب انسپکٹر عدیل عاشق کو پہلے بھی مبینہ طور پر فون پر دھمکیاں دی جاتی رہی تھیں اور ان کی مدعیت میں ملزم کے خلاف مقدمہ بھی درج تھا۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ریحان بٹ مبینہ طور پر اپنے بھائی فیضان بٹ کی ہلاکت پر رنجش رکھتا تھا۔ پولیس کے مطابق فیضان بٹ، جو ایک مبینہ شوٹر تھا، 2024 میں محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) کے ساتھ ایک مبینہ پولیس مقابلے میں مارا گیا تھا۔ حکام کے مطابق ریحان بٹ کا خیال تھا کہ ان کے بھائی کی ہلاکت میں سب انسپکٹر عدیل عاشق کا کردار تھا، جس کی وجہ سے وہ پولیس کے خلاف مخاصمت رکھتا تھا۔

    پنجاب پولیس کے ترجمان نے بتایا کہ نمازِ جنازہ کے بعد تینوں اہلکاروں کی میتوں کو مکمل پولیس پروٹوکول کے ساتھ ان کے آبائی علاقوں میں تدفین کے لیے روانہ کر دیا گیا، جہاں انھیں سرکاری اعزاز کے ساتھ سپردِ خاک کیا جائے گا۔

  6. مستونگ میں بلوچستان کے وزیر داخلہ کے قافلے پر حملہ، سکواڈ کے چھ اہلکار زخمی, محمد کاظم، بی بی سی اردو ڈاٹ کام کوئٹہ

    بلوچستان کے وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو کے قافلے پر ضلع مستونگ میں نامعلوم مسلح افراد کے حملے میں ان کے سکواڈ کے چھ اہلکار زخمی ہوگئے، تاہم وزیر داخلہ حملے میں محفوظ رہے۔

    سرکاری ذرائع کے مطابق میر ضیاء اللہ لانگو قلات میں یوم آزادی کی تقریب میں شرکت کے بعد کوئٹہ واپس آرہے تھے کہ مستونگ کے علاقے کنڈ عمرانی کے قریب ان کے قافلے کو نشانہ بنایا گیا۔ حملے میں زخمی ہونے والے اہلکاروں کو فوری طور پر مستونگ کے شہید نواب غوث بخش میموریل ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ابتدائی طبی امداد کے بعد بعض زخمیوں کو مزید علاج کے لیے کوئٹہ روانہ کردیا گیا۔

    وزیر داخلہ ایک روز قبل قلات پہنچے تھے، جہاں انھوں نے پاکستان کے 79ویں یوم آزادی کے موقع پر ڈی سی کمپلیکس میں منعقدہ تقریب میں پرچم کشائی کی تھی۔ تقریب کے اختتام پر وہ اپنے قافلے کے ہمراہ کوئٹہ واپس آرہے تھے کہ راستے میں یہ حملہ پیش آیا۔

    بی بی سی سے ٹیلیفونک گفتگو کرتے ہوئے میر ضیاء اللہ لانگو نے بتایا کہ حملہ آور سڑک کے دونوں اطراف موجود باغات میں چھپے ہوئے تھے اور قافلے کے علاقے میں پہنچتے ہی انھوں نے شدید فائرنگ شروع کردی۔

    انھوں نے کہا کہ ’حملہ آور باغوں کے اندر موجود تھے اور دونوں جانب سے ہماری گاڑیوں کو نشانہ بنا رہے تھے۔‘

    وزیر داخلہ کے مطابق ان کے سکواڈ نے فوری جوابی کارروائی کی، جس کے نتیجے میں تقریباً 20 منٹ تک فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا۔ انھوں نے بتایا کہ وہ اپنی گاڑی کی اگلی نشست پر بیٹھے ہوئے تھے اور حملے کے دوران ان کی بلٹ پروف گاڑی کے ڈرائیور سائیڈ کے شیشے پر پانچ گولیاں لگیں۔

    میر ضیاء اللہ لانگو نے کہا کہ اللہ کے فضل سے وہ محفوظ رہے، تاہم سکواڈ کے اہلکاروں کے زخمی ہونے پر افسوس ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسے حملوں سے انھیں خوفزدہ نہیں کیا جا سکتا اور حکومت، پولیس اور سکیورٹی ادارے امن دشمن عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رکھیں گے۔

    انھوں نے مزید کہا کہ ریاست مخالف عناصر اور ان کے مبینہ بیرونی سرپرست اپنے عزائم میں کامیاب نہیں ہوں گے۔

    دریں اثنا، محکمہ داخلہ بلوچستان کے معاون برائے میڈیا بابر یوسفزئی نے کہا کہ قافلے کے ساتھ موجود پولیس اہلکاروں نے بھرپور جوابی کارروائی کرتے ہوئے حملہ آوروں کو پسپا کردیا۔ ان کے بقول حملے کا مقصد علاقے میں بدامنی اور عدم استحکام پیدا کرنا تھا، تاہم سکیورٹی فورسز ایسے عناصر کے عزائم ناکام بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔

  7. بلوچستان بھرمیں موبائل فون انٹرنیٹ سروس معطل، ٹرین سروس بھی دو دن کے لیے بند

    کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں موبائل فون انٹرنیٹ سروس آج دوسرے روز بھی معطل رہی جبکہ کوئٹہ سے ٹرین سروس کو بھی دو روز کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔

    کوئٹہ شہر اور بلوچستان کے دیگر علاقوں میں انٹرنیٹ سروس گذشتہ روز دوپہر معطل کی گئی تھی جو کہ آج دوسرے روز بھی جاری ہے۔

    موبائل فون انٹرنیٹ سروس بند ہونے سے صارفین کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

    اگرچہ سرکاری سطح پر انٹرنیٹ کی بندش کی وجہ نہیں بتائی گئی تاہم گذشتہ اتوار کو جب کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں موبائل فون انٹرنیٹ سروس بند کی گئی تھی تو وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو نے اس کی وجہ سکیورٹی خدشات بتائی تھی۔

    دریں اثنا آج سے دو روز کے لیے کوئٹہ اور پاکستان کے دیگر صوبوں کے درمیان ٹرین سروس کو بھی بند کر دیا گیا ہے۔

    محکمہ ریلویز کے ایک اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ ٹرین سروس سکیورٹی وجوہات کی بنیاد پر بند کء گئی ہے۔

    اہلکار کے مطابق اس فیصلے کے باعث جعفر ایکسپریس آج کوئٹہ سے روانہ نہیں ہوسکی جبکہ 15اگست کو بھی جعفر ایکسپریس کی آمد ورفت معطل رہے گی۔

  8. ایران کو معاشی طور پر تنہا کرنے کے لیے ایسے اقدامات کرنے جا رہے ہیں ’جو پہلے کسی نے نہیں دیکھے‘: امریکی وزیرِ خزانہ کی دھمکی

    امریکہ کے وزیرِ خزانہ سکاٹ بیسنٹ نے ایران کو خبردار کیا ہے کہ کہ واشنگٹن تہران کے خلاف ایسے اقدامات کرنے جا رہا ہے ’جو پہلے کبھی کسی نے نہیں دیکھے۔‘

    خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق، جمعرات کے روز نیوز میکس کے پروگرام ’روب شمٹ ٹونائٹ‘ میں انٹرویو دیتے ہوئے بیسنٹ نے کہا تھا کہ اگلے ہفتے تک مزید اعلانات کا انتظار کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ ’ہم ایسے اقدامات نافذ کرنے جا رہے ہیں جو کسی ملک کو معاشی طور پر تنہا کرنے کی تاریخ میں پہلے کبھی نہیں دیکھے گئے۔‘

    ان کا مزید کہنا تھا کہ ’یہ معاشی دباؤ اور کسی ملک کو تنہا کرنے کا ایسا مجموعہ ہو گا جو دنیا نے پہلے کبھی نہیں دیکھا، اور آبنائے ہرمز میں جاری ناکہ بندی بھی برقرار رہے گی، جس کے نتیجے میں ایران کی بندرگاہوں کی جانب کسی چیز کا آنا یا وہاں سے جانا ممکن نہیں رہے گا۔‘

    یاد رہے کہ امریکی وزیرِ دفاع پیٹ ہیگستھ نے فاکس نیوز سے بات کرتے ہوئے جمعرات کے روز کہا تھا کہ امریکی فوج کے پاس اتنے وسائل موجود ہیں کہ وہ ایران کی بحری ناکہ بندی غیر معینہ مدت تک برقرار رکھ سکتی ہے۔

  9. متحدہ عرب امارات کا ایران پر آبنائے ہرمز سے گزرنے والے دو آئل ٹینکروں پر حملے کا الزام

    متحدہ عرب امارات نے آبنائے ہرمز سے گزرنے والے دو آئل ٹینکروں پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے بحری قزاقی کی کارروائی قرار دیا ہے۔

    متحدہ عرب امارات نے ایران پر الزام عائد کیا ہے کہ اس نے ابو ظہبی نیشنل آئل کمپنی سے وابستہ دو جہازوں کو نشانہ بنایا۔

    تاحال ان جہازوں کو پہنچنے والے نقصان کی نوعیت کے بارے میں تفصیلات سامنے نہیں آئی ہیں، تاہم ان حملوں کے نتیجے میں کسی جانی نقصان یا زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔

    بی بی سی فارسی کے مطابق ایک ہفتے سے بھی کم عرصے میں آبنائے ہرمز سے گزرنے والے جہازوں پر یہ اس نوعیت کا دوسرا حملہ ہے۔

  10. طالبان مخالف نیشنل ریزسٹنس فرنٹ کا افغانستان کے شہر فیض آباد کے میئر کو ہلاک کرنے کا دعویٰ

    افغانستان کے صوبہ بدخشاں کے ایک عہدیدار نے بی بی سی پشتو کو بتایا ہے کہ صوبائی دارالحکومت فیض آباد کے میئر حبیب الرحمٰن منصور ایک دھماکے میں ہلاک ہو گئے ہیں۔

    اہلکار کے مطابق جمعرات کے روز مقامی وقت کے مطابق تقریباً دو بجے حبیب الرحمٰن کی گاڑی میں ایک مقناطیسی بم نصب کیا گیا تھا، جس کے نتیجے میں میئر ہلاک جبکہ ان کے ایک ساتھی زخمی ہو گئے۔

    افغانستان میں طالبان مخالف ’نیشنل ریزسٹنس فرنٹ‘ نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔ اس محاذ کی قیادت احمد مسعود کر رہے ہیں جو کہ نارتھرن الائنس کے احمد شاہ مسعود کے بیٹے ہیں۔

    ایکس پر جاری ایک بیان میں نیشنل ریزسٹنس فرنٹ نے دعویٰ کیا کہ اس نے صوبائی گورنر ہاؤس کی عمارت سے ’100 میٹر کے فاصلے کے اندر‘ فیض آباد کے میئر کی گاڑی کو نشانہ بنایا۔

  11. ایرانی بعض اوقات ایسے وعدے کرتے ہیں جنھیں وہ پورا نہیں کرتے: امریکی نائب صدر کا الزام

    ایران سے متعلق صورتِ حال میں پائی جانے والی غیر یقینی کے بارے میں بات کرتے ہوئے امریکی نائب صدر جے ڈی وینس ںے الزام عائد کیا ہے کہ ایرانی بعض اوقات ایسے وعدے کرتے ہیں جنھیں وہ پورا نہیں کرتے۔

    جمعرات کے روز فاکس نیوز کو دیے گئے ایک انٹرویو میں امریکی نائب صدر کا کہنا تھا کہ ’میں پورے اعتماد کے ساتھ کہہ سکتا ہوں کہ اس معاملے کا اختتام اس طرح ہو گا کہ امریکہ زیادہ مضبوط پوزیشن میں ہو گا، ایران کے پاس جوہری ہتھیار نہیں ہوں گے، اور آبنائے ہرمز کی صورتِ حال دوبارہ ایسی ہو جائے گی جہاں تیل اور گیس کی قیمتیں امریکی عوام کے لیے مستحکم رہیں۔‘

    ان کا کہنا تھا کہ اصل ’مسئلہ یہ ہے کہ ایرانی بعض اوقات ایسے وعدے کرتے ہیں جنھیں وہ پورا نہیں کرتے۔ وہ معاہدے کرتے ہیں لیکن پھر ان پر عمل نہیں کرتے۔‘

    ایران کے معاملے میں اتار چڑھاؤ کے متعلق سوال پر جے ڈی وینس کا کہنا تھا کہ اس کی وجہ یہ ہے کہ امریکہ کے پاس اپنے مقاصد حاصل کرنے کے لیے بہت سے ذرائع موجود ہیں۔ ’بعض اوقات ہم توانائی کے پہلو پر توجہ دیتے ہیں کیونکہ ہم چاہتے ہیں کہ تیل اور گیس کی قیمتیں امریکی عوام کی پہنچ میں ہوں۔ بعض اوقات ہماری توجہ اس کے عسکری پہلو پر ہوتی ہے اور بعض اوقات ایران کے جوہری پروگرام پر زیادہ توجہ دی جاتی ہے۔‘

    جے ڈی وینس کا کہنا تھا کہ ہم اپنے وسائل کو بہت سوچ سمجھ کر اور حکمتِ عملی کے تحت استعمال کر رہے ہیں تاکہ وہ نتائج حاصل کیے جا سکیں جو امریکی صدر امریکی عوام کے لیے حاصل کرنا چاہتے ہیں۔

    وینس کا مزید کہنا تھا کہ امریکہ کے دو اہداف ہیں: تیل اور گیس کی قیمتوں کو مستحکم رکھنا اور ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے سے روکنا۔ ’میرے خیال میں ہم ان دونوں مقاصد کے حصول میں کامیاب ہو رہے ہیں۔‘

  12. امریکہ ایرانی بندرگاہوں کی بحری ناکہ بندی غیر معینہ مدت تک برقرار رکھ سکتا ہے، پیٹ ہیگستھ

    امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگستھ نے جمعرات کے روز دعویٰ کیا ہے کہ امریکی فوج کے پاس اتنے وسائل موجود ہیں کہ وہ ایران کی بحری ناکہ بندی غیر معینہ مدت تک برقرار رکھ سکتی ہے۔ انھوں نے کہا کہ ضرورت کے مطابق بحری جہازوں کو خطے میں بھیجا اور واپس بلایا جا سکتا ہے۔

    خبر رساں ادار روئٹرز کے مطابق ہیگستھ نے صحافیوں کو بتایا کہ امریکہ اپنے بحری جہازوں کی باری باری تعیناتی کر کے ایران کی بحری ناکہ بندی غیر معینہ مدت تک برقرار رکھ سکتا ہے۔

    وہ پاناما میں گفتگو کر رہے تھے، جہاں انھوں نے اس سے قبل یو ایس ایس گرڈلی کے عملے سے خطاب کیا تھا۔ یہ ایک گائیڈڈ میزائل ڈسٹرائر ہے جو ماضی میں مشرقِ وسطیٰ میں تعینات رہ چکا ہے۔

    اس سے قبل صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بدھ کو کہا تھا کہ امریکہ آبنائے ہرمز پر کنٹرول رکھتا ہے۔

    ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر جاری ایک پیغام میں کہا تھا کہ آبنائے ہرمز پر امریکہ کا مکمل کنٹرول ہے۔ ’میرا خیال ہے کہ ہم اسے برقرار رکھیں گے۔ ہماری بحری ناکہ بندی کو ہر کوئی ’فولادی دیوار‘ قرار دے رہا ہے، اور ایران اس کے بارے میں کچھ نہیں کر سکتا۔‘

    ہیگستھ کا یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکی بحریہ کے طیارہ بردار جہاز ’یو ایس ایس ابراہم لِنکن‘ پر گذشتہ 250 روز سے زائد عرصے سے تعینات ہزاروں امریکی فوجی اہلکاروں کے مبینہ طور پر خوراک کی قلت، ذہنی صحت اور شدید تھکن جیسے مسائل کا سامنا کرنے کی خبریں آ رہی ہیں۔ اس حوالے سے امریکی قانون سازوں نے پینٹاگون سے وضاحت طلب کر لی ہے۔

  13. پانی پاکستان کی ریڈلائن، انڈیا راہِ راست پر نہ آیا تو براہِ راست جواب دیں گے: وزیرِ اعظم شہباز شریف

    وزیرِ اعظم شہباز شریف نے انڈیا کی طرف سے سندھ طاس معاہدے کی ’یکطرفہ معطلی‘ پر تبصرہ کرتے ہوئے پانی کو اپنی ’ریڈ لائن‘ قرار دیا ہے۔

    جمعرات کو اسلام آباد میں ’یادگارِ فتح‘ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا ہے تھا کہ ’پاکستان کے پانی کی ایک ایک بوند ہماری ریڈ لائن ہے۔ اگر انڈیا راہ است پر نہیں آیا تو اسے براہ راست جواب دیا جائے گا۔‘

    یاد رہے انڈیا کی حکومت نے اپریل 2025 میں پہلگام حملے کا الزام پاکستان پر عائد کرتے ہوئے ایک جوابی قدم اٹھاتے ہوئے سندھ طاس معاہدے کو یکطرفہ طور پر معطل کر دیا تھا۔

    پاکستانی وزیرِ اعظم نے اپنے خطاب میں امریکہ اور ایران کے درمیان تنازع اور سعودی عرب اور ترکی کے ساتھ ہونے والے معاہدے کا بھی ذکر کیا۔

    ان کا کہنا تھا کہ پاکستان دنیا کو تمام تنازعات سے پاک دیکھنا چاہتا ہے اور اس کی کوشش ہے کہ دنیا نئے تنازعات سے دور رہے۔ اس موقع پر انھوں نے کہا کہ اسی سبب پاکستان نے ایران اور امریکہ کے درمیان ’ذمہ دار ثالث‘ کا کردار ادا کیا۔

    اپنی تقریر میں جہاں انھوں نے مشرقِ وسطیٰ میں امن کے قیام کے لیے فیلڈ مارشل عاصم منیر کے ’تاریخی کردار‘ کو سراہا، وہیں ان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب اور ترکی کے ساتھ معاہدے سے متعلق معاملات پر نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار نے بھی بہت محنت کی ہے۔

    تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستانی وزیرِ اعظم نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا بھی شکریہ ادا کیا، جنھوں نے، پاکستانی وزیرِ اعظم کے مطابق، گذشتہ برس انڈیا اور پاکستان کے درمیان جنگ بندی میں کردار ادا کر کے لاکھوں جانیں بچائیں۔

    پاکستان کے گذشتہ کئی مہینوں سے افغانستان میں طالبان حکومت کے ساتھ تعلقات بھی کشیدگی کا شکار ہیں اور اسلام آباد کابل پر شدت پسندوں کو پناہ دینے کے الزامات بھی عائد کرتا رہا ہے۔

    اس حوالے سے پاکستانی وزیرِ اعظم کا کہنا تھا کہ ’ہم افغانستان میں بھی امن اور استحکام چاہتے ہیں، لیکن افغان سرزمین کا پاکستان کے خلاف استعمال ہونا ناقابلِ برداشت ہے۔‘

  14. آبنائے ہرمز کی بندش سے ہمیں 60 کروڑ ڈالر کا نقصان ہوا: جرمن شپنگ کمپنی

    دنیا کی بڑی کنٹینر شپنگ کمپنیوں میں شامل جرمن کمپنی ہاپاگ لوئیڈ نے کہا ہے کہ مشرقِ وسطیٰ میں جنگ کے باعث آبنائے ہرمز کی بندش سے 2026 کی دوسری سہ ماہی کے دوران اب تک کمپنی کو 60 کروڑ ڈالر کا نقصان ہو چکا ہے۔

    اس جرمن شپنگ کمپنی نے جمعرات کو اعلان کیا کہ اس کے خالص منافع میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے۔

    کمپنی نے گذشتہ سال تقریباً 30 کروڑ 60 لاکھ ڈالر کا خالص منافع ریکارڈ کیا تھا، تاہم اس سال آبنائے ہرمز کی بندش کے باعث یہ رقم کم ہو کر آٹھ کروڑ 30 لاکھ ڈالر رہ گئی ہے۔

    کمپنی کا یہ بھی کہنا ہے کہ ایشیا سے برآمدات امریکہ میں طلب میں اضافے نے مشرقِ وسطیٰ میں پیدا ہونے والی رکاوٹوں سے ہونے والے نقصانات کا جزوی طور پر ازالہ کیا ہے۔

  15. گذشتہ روز کی اہم خبریں

    • ایرانی پاسداران انقلاب کے ایک سینیئر عہدے دار رسول سنائی راد نے کہا ہے کہ اگر کوئی نئی جنگ ہوتی ہے تو ایران ’زیادہ مضبوطی سے اور زیادہ جارحانہ انداز‘ میں کارروائی کرے گا۔
    • ترکی کی وزارتِ دفاع کا کہنا ہے کہ مشترکہ دفاعی معاہدے کے تحت پاکستان اور سعودی عرب کے ساتھ مل کر جنگی مشقیں کی جائیں گی۔
    • خبر رساں ادارے اے ایف پی نے ایک سکیورٹی ذریعے کے حوالے سے بتایا ہے کہ کویت نے عالمی شدت پسند تنظیم داعش کے تین ارکان کو اہل تشیع کی ایک مسجد اور ملک کی ’اہم تنصیبات‘ پر حملے کی منصوبہ بندی کے الزام میں گرفتار کیا ہے۔
    • ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ جعلی خبروں سے بھی زیادہ بری چیز جعلی انٹیلی جنس معلومات ہیں، انھوں نے امریکہ کو ’محتاط رہنے‘ کا مشورہ دیا۔
    • ایران کا کہنا ہے کہ آبنائے ہرمز کے ذریعے تجارتی جہاز رانی سے فائدہ اٹھانے والے ہر فریق پر ’خلیج فارس اور بحیرۂ عمان کو پہنچنے والے ماحولیاتی نقصان کے ازالے کی قانونی اور اخلاقی ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔‘
    • پاکستان میں سپریم کورٹ ججز کی تنخواہ میں چار لاکھ، ہائیکورٹ ججز کی تنخواہ میں ایک لاکھ 10 ہزار روپے اضافہ کت دیا گیا۔
  16. بی بی سی کے لائیو پیج میں خوش آمدید!

    بی بی سی کے لائیو پیج میں خوش آمدید۔ پاکستان سمیت دنیا بھر کی اہم خبروں اور تجزیوں کے متعلق جاننے کے لیے بی بی سی کی لائیو پیج کوریج جاری ہے۔

    گذشتہ روز تک کی خبریں جاننے کے لیے یہاں کلک کریں۔